پاکستانی ادارے NdcTech کی بانی عمارہ مسعود نے فن ٹیک فیوچرز کی جانب سے لندن میں منعقدہ 2021ء گلوبل بینکنگ ٹیک ایوارڈز میں "ویمن اِن ٹیک” لیڈرشپ زمرے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یہ بینکاری اور مالیاتی خدمات (فائنانشل سروسز) کے شعبے پر اثرات رکھنے والے رہنما کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور بلاشبہ صنعت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
بینکنگ ٹیک ایوارڈز کا یہ 22 واں سال ہے، جو مالیاتی خدمات کے شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت اور جدت کا اظہار کرنے اور یہ کارنامے انجام دینے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔ ‘ویمن اِن ٹیک’ کی کیٹیگری میں ایوارڈ ان غیر معمولی خواتین کو دیا جاتا ہے جو اپنی زبردست قیادت کے ذریعے نہ صرف اپنے اداروں کے لیے متاثر کن شخصیت ہوتی ہیں بلکہ بینکاری اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں وسیع تر اثرات بھی ڈالتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عروج آفتاب گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں
یہ اعزاز حاصل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عمارہ مسعود نے کہا کہ
یہ ایوارڈ ان تمام خواتین رہنماؤں کے لیے ہے جو اپنی غیر معمولی صلاحیت اور وژن کے ساتھ کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔ اس شعبے میں قائدانہ عہدوں پر خواتین کی تعداد زیادہ نہیں ہے، اسی لیے میرا مطالبہ ہے کہ ان مقامات پر خواتین کی رہنمائی کی جائے۔
عمارہ بینکوں میں اپنی قائدانہ حیثیت اور مالیاتی اداروں کی ڈجیٹل حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے معروف ہیں۔ وہ کئی قومی، صنعتی اور کارپوریٹ بورڈز کا حصہ ہیں، جہاں وہ بورڈ اراکین اور ان اداروں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ کام کرتی ہیں اور ان کی ڈیجیٹائزیشن حکمت عملی کو آگے بڑھاتی ہیں۔ عمارہ کی کامیابی ان کی مہارتوں، قائدانہ صلاحیتوں، وژن، عزم اور حوصلے پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہے۔
ان کا ادارہ NdcTech رواں سال بینکنگ ٹیک ایوارڈز میں دو زمروں میں نامزد ہوا تھا، ایک ‘ٹیک ٹیم آف دی ایئر’ کا اعزاز تھا جو بینکاری و مالیاتی خدمات کے شعبے میں کارنامے دکھانے والے ٹیم کو دیا جاتا ہے۔
جواب دیں