کینیا، مشہور ایتھلیٹ شوہر کے ہاتھوں قتل کر دی گئیں

ایگنس تیروپ عالمی چیمپیئن شپ میں دو مرتبہ کانسی کا تمغہ جیت چکی تھیں

طویل فاصلے کی دوڑ میں حصہ لینے والی کینیا کی مشہور کھلاڑی اور عالمی چیمپیئن شپ میں دو مرتبہ کانسی کا تمغہ جیتنے والی ایگنس تیروپ اپنے گھر میں مردہ پائی گئی ہیں۔ ان کی عمر صرف 25 سال تھی۔

کینیا کی ٹریک اینڈ فیلڈ فیڈریشن ‘ایتھلیٹکس کینیا’ کے مطابق تیروپ ایتن میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں، انہیں مبینہ طور پر ان کے شوہر نے خنجروں کے وار سے قتل کیا ہے۔ کینیا ایک ہیرے سے محروم ہو گیا ہے، وہ بین الاقوامی منظرنامے پر ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں سے ایک تھی اور انہوں نے ٹریک پر کئی مرتبہ غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔”

میڈیا کے مطابق ان کے پیٹ اور گردن پر خنجروں کے وار کے نشانات دیکھے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تیروپ کے شوہر کو تلاش کر رہے ہیں۔ تیروپ کی گاڑی، جو گھر کے باہر پارک تھی، اس کی ونڈ اسکرین اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھر میں ضرور کوئی جھگڑا ہوا ہے جس کے بعد انہیں قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اسے ایک "گھناؤنا جرم” قرار دیا اور معاملے کی فوری اور جامع تحقیق کا عہد کیا ہے۔

تیروپ نے 2017ء اور 2019ء کی ورلڈ چیمپیئن شپس میں 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں کانسی کے تمغے حاصل کیے تھے اور حال ہی میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں 5 ہزار میٹرز میں چوتھے نمبر پر آئی تھیں۔

گزشتہ ماہ انہوں نے جرمنی میں صرف خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ میں عالمی ریکارڈ توڑا تھا جب انہوں نے مراکش کی اسماء لغزاوی کا 2002ء میں قائم کیا گیا ریکارڈ 28 سیکنڈ کے فرق سے توڑا اور 30:01 سیکنڈز میں فاصلہ عبور کیا۔

ان کا کیریئر 2015ء میں ورلڈ کراس کنٹری ٹائٹل کے ساتھ شروع ہوا تھا جب وہ 19 سال کی عمر میں تاریخ کی دوسری کم عمر ترین چیمپیئن بنی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں روزانہ اوسطاً 4 سیاہ فام خواتین کا قتل

مغربی کینیا کے شہر ایتن میں واقع ان کا گھر طویل فاصلے کی دوڑ کے کھلاڑیوں کا مسکن سمجھا جاتا ہے۔

کینیا کے صدر اوہور کینیاتا نے اپنے بیان میں کہتا ہے کہ "زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہر لحاظ سے کینیا کی ہیرو ایگنس اس نو عمری میں خود غرض اور بزدل شخص کے مجرمانہ اقدامات کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ میں قانون نافذ کرنے اولے اداروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ ایگنس کے قتل میں ملوث مجرموں کو جلد تلاش کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

بین الاقوامی ادارے ورلڈ ایتھلیٹکس نے بھی تیروپ کی موت پر "گہرے صدمے اور افسوس” کا اظہار کیا ہے۔

 

One Ping

  1. Pingback: کینیا میں تین کھلاڑیوں کی اموات، نظریں ذہنی صحت اور صنفی تشدد پر - دی بلائنڈ سائڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے