برٹش ایئرویز نے نادیہ جمیل کو رُلادیا

میں نے ایئرلائن (برٹش ایئرویز) کے عملے کو اپنی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، وہ مجھے ایسے کیسے چھوڑ کر چلے گئے؟ میں مسلسل مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن سب نے نظر انداز کیا، مجھے آف لوڈ کرنے کے بعد کم از کم کچھ مدد کردیتے

بریسٹ کینسر سے صحت یابی کے بعد ہنسی خوشی پاکستان لوٹنے کی متمنی معروف اداکارہ نادیہ جمیل کو برطانوی ایئرلائن نے رلا دیا۔ ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر موجود نادیہ جمیل نے آبدیدہ لہجے میں ایک ویڈیو بیان شیئر کیا، جس کے مطابق برٹش ایئرویز کی جانب سے ان کے ساتھ کیا جانے والا سلوک کسی دھچکے سے کم نہیں ۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ شام کو 6 بج کر 30 منٹ پر ائیرپورٹ پہنچ گئی تھیں اور رات کے 11 بجے جب انہوں نے ویڈیو بنائی وہ اس وقت تنہا تھیں۔انہوں نے کہا کہ

"میں نے ایئرلائن کے عملے کو اپنی طبیعت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، وہ مجھے ایسے کیسے چھوڑ کر چلے گئے؟ میں مسلسل مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن سب نے نظر انداز کیا، مجھے آف لوڈ کرنے کے بعد کم از کم کچھ مدد کردیتے”

ویڈیو بیان میں نادیہ جمیل نے روتے ہوئے کہا کہ یہ میرا سامان ہے۔ یہ میری وہیل چیئر ہے جس کے پہیے نہیں ہیں کہ میں اسے خود بھی نہیں چلاسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں میری مدد کے لیے کوئی اٹینڈنٹ، کوئی فرد موجود نہیں ہے۔ وہ سب مجھے یہاں تنہا چھوڑ کر جاچکے ہیں۔ نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ میں کوشش کررہی ہوں کہ کسی طرح اٹھوں۔ اور اپنا سامان لے کر باہر جاؤں اور ٹیکسی کرواؤں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر (5 جولائی) کو میں پاکستانی ہائی کمیشن جاؤں گی، برٹش ایئرویز کے عملے نے پہلے مجھ سے ایک دستاویز مانگی لیکن ابتدائی طور پر وہ مجھے نہیں ملا، جب وہ ڈاکیومنٹ مجھے مل گیا تو انہوں نے کہا کہ جو آپ کے پاس موجود ہے یہ کارآمدنہیں ہے۔

چند گھنٹے بعد ایک اور ٹوئٹ میں نادیہ جمیل نے برٹش ایئرویز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ

"جب وہیل چیئر پر موجود کسی مسافر کے پاس درست دستاویزات نہ ہوں تو برائے مہربانی انہیں 4 گھنٹے تک انتظار نہ کرائیں اور وہیل چیئر پر، بھاری سامان کے ساتھ تنہا نہ چھوڑیں”

انہوں نے مزید لکھا کہ شائستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں سامان کے ساتھ ٹرانسپورٹ تک چھوڑ آئیں، نادیہ جمیل نے مزید بتایا کہ وہ ایئرپورٹ سے واپسی پر ٹیکسی میں بے ہوش ہوگئی تھیں۔

نادیہ جمیل گزشتہ برس اپریل میں بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی تھیں۔ اور انہوں نے لندن کے ایک معروف ہسپتال میں علاج شروع کروایا تھا ۔ مرض کی تشخیص کے چند دن بعد ہی اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی، جو کامیاب رہی۔ جس کے بعد اداکارہ کے مزید علاج کے لیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا۔ رواں برس جون میں انہوں نے اس مرض سے مکمل صحتیابی کا اعلان کیا تھا۔

 

کینسر کی وجہ سے نادیہ جمیل کو سرکے بال کٹوانے پڑے تھے

نادیہ جمیل کی پوسٹ پر کئی صارفین نے برٹش ایئرویز کے رویے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ شمع جونیجو نامی صحافی و کالم نگار نے نادیہ جمیل کی ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ انتہائی حیران کن ہے کہ برٹش ایئرویز کینسر کے مریضوں کے ساتھ ایسا رویہ رکھتی ہے۔ کیا ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 5 پر کوئی موجود ہے کہ نادیہ جمیل کی مدد کردے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے