پاکستان کی معروف ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کو 48 ویں سالانہ ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز میں دو زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔
شرمین عبید کراچی میں قائم پروڈکشن ہاؤس SOC فلمز کی سربراہ ہیں، جس کی دستاویزی سیریز ‘Fundamental’ کو معروف ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز نے دو زمروں میں نامزد کیاہے۔
اس سیریز میں ہدایت کارہ شرمین جبکہ فلم ساز صفیہ ظفر عثمانی اور شاہ رخ وحید تھے۔ پانچ قسطوں کی یہ انٹرنیشنل ڈاکیو سیریز مکمل طور پر برازیل، جارجیا، کینیا، امریکا اور پاکستان میں فلمائی گئی ہے۔
نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے 42 سالہ شرمین چنائے نے انسٹاگرام پر لکھا ہے کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ SOC فلمز کی دستاویزی فلم کو ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز میں دو نامزدگیاں ملی ہیں۔ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔
شرمین کے مطابق اس فلم کو Outstanding Short Form Daytime Non-Fiction Program اور Outstanding Directing Team For A Single Camera Daytime Non-Fiction Program نامی دو زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔
پانچ قسطوں پر مشتمل یہ سیریز ظاہر کرتی ہے کہ دنیا بھر میں نمایاں شخصیات کس طرح انسانی حقوق کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 48 ویں سالانہ ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز کا انعقاد 17 اور 18 جولائی 2021ء کو دو لائم اسٹریم ایونٹس میں ہوگا۔
شرمین چنائے ماضی میں دو اکیڈمی ایوارڈز، چھ ایمی ایوارڈز اور پاکستان کا دوسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہلالِ امتیاز حاصل کر چکی ہیں۔
جواب دیں