دبئی ایکسپو، خواتین کے لیے مخصوص پویلین رکھنے والی پہلی عالمی نمائش

دبئی ایکسپو 1900ء سے لے کر اب تک کی واحد عالمی نمائش (ورلڈ ایکسپو) ہوگی، جس میں خواتین کے لیے ایک مخصوص پویلین بھی بنایا جائے گا۔ اس کے ذریعے صنفی مساوات اور خواتین کو خود مختار بنانے جیسے معاملات پر شعور اجاگر کیا جائے گا بلکہ کامیاب خواتین کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔

ایکسپو 2020ء کی نائب صدر ہند الاویس کہتی ہیں کہ خواتین کو دنیا بھر میں چیلنجز کا سامنا ہے اور انہیں خود مختار بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ پویلین خواتین کی کامیابیوں کے حوالے سے اہم ہے، ایک ایسی جگہ کہ جہاں ہم ان کی خدمات کو تسلیم کر سکیں، انہیں خراجِ تحسین پیش کر سکیں اور دنیا کو صنفی مساوات اور صنفی خود مختاری کے ایجنڈے کی جانب لا سکیں۔

دبئی ایکسپو 2020ء جسے "دنیا کی عظیم ترین نمائش” کہا جا رہا ہے، یکم اکتوبر سے شروع ہوگی اور اس کا مقصد دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو ‘ذہن ملائیں، مستقبل بنائیں’ کے عنوان کے تحت ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے۔ 182 روزہ عالمی میلے میں 200 سے زیادہ ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

خواتین کے لیے مخصوص پویلین کے قیام کا مقصد دبئی میں ایک دنیا کی آمد کے بعد خواتین کی آواز اور ان کے مسائل کو سامنے لانا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے نمایاں اور بسا اوقات فراموش کردہ کارناموں کو سامنا بھی لایا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات نے صنفی مساوات کے حوالے سے کافی پیش رفت کی ہے۔ اس وقت اماراتی پارلیمنٹ کی نصف اراکین خواتین ہیں اور کئی اہم وزارتوں اور سفارتی عہدوں پر بھی خواتین موجود ہیں۔

امارات کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون اور ڈائریکٹر جنرل ایکسپو 2020ء دبئی ریم ہاشمی کا کہنا ہے کہ گو کہ صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے کافی کام کیا گیا ہے، لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ "دنیا بھر کے مہمانوں اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا خیر مقدم کرنے والا ایکسپو 2020ء دبئی ایک انوکھا اور طاقتور پلیٹ فارم ہوگا، جو اس اہم مسئلے پر توجہ مبذول کرائے گا۔

یہ پویلین مکمل طور پر خواتین کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں فن، سائنس، سیاست، کاروبار اور دیگر شعبوں سے وابستہ خواتین عورتوں کو خود مختار بنانے کے لیے ایک تخلیقی حل پر تبادلہ خیال کریں گی۔ یہاں ‘ویمنز ورلڈ مجلس’ بھی ہوگی جو ایک شفاف، بہتر اور صحت مند دنیا کے قیام میں خواتین کے کردار پر بات کرے گی اور ‘عرب اور اسلام میں خواتین’ کا سلسلہ بھی ہوگا جس میں ایسی خواتین کی حقیقی داستانیں پیش کی جائیں گی جنہوں نے دنیا بھر کو متاثر کیا اور نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

ایکسپو کے دوران 8 مارچ 2022ء کو خواتین کا عالمی دن بھی یہاں منایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے