گوجرانوالہ کے ”ویلے لوگ” خواتین سے مذاق کرنے پر گرفتار

صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پرینک (مذاق) کے نام پر خواتین کو ہراساں کرنے والے یوٹیوبر کو پولیس نےبالآخر گرفتار کرلیا۔ ‘ویلے لوگ خان علی’ کے نام سے یوٹیوب چینل چلانے والے خان علی کے 3 لاکھ 23 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ خان علی نے اپنے سبسکرائبرز اور ویوز بڑھانے کے لیےخواتین اور فیملیز کے ساتھ مذاق کے نام پر نامناسب ویڈیوز کی تھیں۔ایک ویڈیو میں خان علی راہ چلتی خواتین کو روک کر زبردستی دوپٹہ پہننے پر قائل کررہا ہےاور اس مقصد کے لیے انہیں پیسے دینے کی آفر بھی کرتا ہے۔


ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اکثر صارفین نے یوٹیوبر کےپرینک (مذاق) پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ صارفین نے خان علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پرینکس کے نام پر ہراسانی ہے اور انتہائی غیرمہذب ہے، اس شخص کو جیل میں ہونا چاہیے۔


صدف علوی نےان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شخص دوپٹہ نہ لینے پر خواتین کو سڑکوں اور عوامی مقامات پر ہراساں کررہا ہے، اس کی ویڈیوز کچھ عرصے سے انٹرنیٹ پر گردش کررہی ہیں۔یہ شخص اب تک آزاد ہے، اس کی شناخت کرکے کون اسے گرفتار کرے گا اور پاکستانی خواتین کو محفوظ رکھے گا؟ خاتون نے اپنی ٹویٹ میں اسلام آباد کی سب ڈویژنل پولیس افسر آمنہ بیگ کو بھی ٹیگ کیا تھا۔


سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کے بعد بالآخر خان علی کی گرفتاری عمل میں آئی اور آج (17 جون) سی سی پی او گوجرانوالہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے خان علی کی گرفتاری سے آگاہ کیا۔


ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ایس پی صدر عبدالوہاب کی زیر نگرانی تھانہ گکھڑ منڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پرینک ویڈیو کے نام پر خواتین کی تذلیل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔ سٹی پولیس آفیسر سرفراز احمد فلکی نے کہا کہ عوام الناس کی عزت و آبرو کی حفاظت اولین ترجیج ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے