سکینہ عباس، Flutter کے لیے پاکستان کی پہلی گوگل ڈیولپرز ایکسپرٹ

سکینہ عباس Flutter کے لیے پاکستان کی پہلی خاتون گوگل ڈیولپرز ایکسپرٹ بن گئی ہیں۔

‏Flutter ایک اوپن سورس سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کٹ ہے جسے گوگل نے بنایا ہے۔ اسے اینڈرائیڈ، iOS، لینکس، میک، ونڈوز وغیرہ کے لیے کراس پلیٹ فارم ایپلی کیشنز بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

جبکہ گوگل ڈیولپرز ایکسپرٹ (GDE) ایسے شخص کو کہا جاتا ہے جسے گوگل کی کسی پروڈکٹ میں مہارت پر گوگل کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہو۔ اس وقت دنیا بھر میں تقریباً 700 ایسے GDEs ہیں، جن میں سے صرف 11 پاکستانی ہیں۔

سکینہ عباس نے 2019ء میں کراچی کی فاسٹ نیشنل یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کیا تھا اور اپنے ایک ساتھی طالب علم کے ساتھ مل کر ایک سافٹ ویئر ہاؤس بنایا۔ آج وہ Flutter کے لیے گوگل کی پہلی پاکستانی ماہر ہیں، کہتی ہیں کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں آنے کی خواہش مند خواتین کی مدد کرنا چاہتی ہیں، بالخصوص وہ Flutter ڈیولپمنٹ میں مزید خواتین کو دیکھنا چاہتی ہیں کیونکہ یہ سب سے نمایاں کراس پلیٹ فارم ایپلی کیشن ڈیولپمنٹ ٹیکنالوجی ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے Flutter ڈیولپرز کی طلب بھی بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی صنعت میں خواتین بھی مردوں جتنی ہی کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔ اگر وہ واقعی ٹیکنالوجی، ڈیولپمنٹ، نیٹ ورک سکیورٹی یا مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں کے حوالے سے دلچسپی رکھتی ہیں تو انہیں اس میدان میں ضرور کودنا چاہیے۔ "جہاں تک تنقید کرنے والوں کی بات ہے تو ایسے لوگ آپ کو زندگی کے ہر موڑ پر ملیں گے چاہے آپ کسی بھی شعبے میں جائیں۔ انہیں تو مکمل طور پر نظر انداز کر دیں، لیکن ہاں! ابتدا میں مشکل ضرور ہوگی لیکن میں یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ اس سفر میں آپ کو ساتھ دینے والے لوگ بھی ملیں گے۔”

One Ping

  1. Pingback: انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں پاکستانی خواتین کو آگے بڑھانے والا گوگل کا منصوبہ - دی بلائنڈ سائڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے