شادی سے انکار پر لاہور میں برطانوی خاتون کا قتل، ملزمان تاحال مفرور

لاہور پولیس دو ایسے ملزمان کی تلاش میں ہے کہ جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے ایک برطانوی خاتون کو قتل کیا ہے۔

پولیس کو پیر کے روز ڈیفنس کے علاقے میں واقع ایک گھر سے 24 سالہ مائرہ ذوالفقار کی لاش ملی تھی، جس کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

مائرہ دو مہینے پہلے ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھیں اور اس کے بعد یہاں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پولیس اب تک دو افراد کو گرفتار کر چکی ہے، جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

مقتولہ کے قریبی عزیز محمد نذیر نے پولیس کو بتایا کہ وہ چند روز پہلے ہی مائرہ سے ملنے آئے تھے، تب انہوں نے بتایا تھا کہ میرے دو دوست، ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ، مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ دونوں کو انکار کر چکی ہے۔

لواحقین کے مطابق انہوں نے مائرہ کو دھمکی دی تھی کہ اس انکار کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

پوسٹ مارٹم کے مطابق مائرہ کو دو گولیاں لگی ہیں جن میں سے ایک گردن پر اور دوسری بازو میں لگی اور ان کی موت زیادہ خون بہہ جانے سے ہوئی۔ اس کےعلاوہ ان کے دائیں بازو اور بائیں پیر پر خراشیں بھی موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے