پاکستانی لڑکیوں نے تین گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کر دیے

دو پاکستانی لڑکیوں نے تین مختلف گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کر دیے ہیں۔

عالمی ریکارڈز کے حوالے سے معروف ارادے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایما عالم نے 2 عالمی ریکارڈز توڑے ہیں جبکہ سیدہ قصہ زہرہ نے ایک عالمی ریکارڈ بنایا ہے اور دونوں کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تسلیم کر لیا ہے۔

ورلڈ میموری چیمپیئن شپ 2020ء میں ایما عالم نے 15 منٹ میں بے ترتیبی سے پیش کیے گئے الفاظ کو اسی ترتیب میں یاد کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے 410 الفاظ یاد کیے تھے۔ یہ ریکارڈ اس سے پہلے بھارت کے پرتیک یادَو کے پاس تھا کہ جنہوں نے 2019ء میں 335 الفاظ یاد کیے تھے۔ اس کے علاوہ ایما نے 15 منٹ میں سب سے زیادہ نام اور چہرے یاد رکھنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے 218 چہرے اور نام یاد کیے۔

اسی ایونٹ میں سیدہ قصہ زہرہ نے 5 منٹ میں سب سے زیادہ 241 تاریخیں یاد کیں اور ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ایما عالم اور قصہ زہرہ دونوں دسمبر میں کراچی میں ہونے والی 29 ویں ورلڈ میموری چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتی تھیں۔ انہوں نے چیمپیئن شپ میں تاریخیں یاد کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا لیکن کیونکہ قصہ زہرہ کی کارکردگی ایما عالم سے اچھی تھی اس لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ ان کے حصے میں آیا۔

ایما عالم کہتی ہیں کہ "گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے تسلیم کیا جانا فخر کا لمحہ ہے۔ اب میں واقعی کہہ سکتی ہوں کہ میں واقعی زبردست ہوں!” جبکہ قصہ زہرہ کا کہنا ہے کہ "دنیا میں سب سے بہتر تسلیم کیا جانا ایک اعزاز ہے اور یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ انسانی دماغ کتنا شاندار ہے۔”

دونوں پاکستانی اسٹارز کے حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈز کا کہنا ہے کہ وہ ثانیہ عالم کی تربیت یافتہ ہیں جو ایک سپر لرننگ ماسٹر ٹرینر ہیں، دنیا میں موجود صرف 4 سینیئر لائسنس یافتہ انسٹرکٹرز میں سے ایک اور "فیوچرسٹک لرننگ” کی صدر ہیں۔

یہ ریکارڈ گو کہ دسمبر 2020ء میں قائم کیا گیا تھا لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس کی تصدیق اب کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے