سابق شوہر کے خاندان کا خاتون پر انوکھا ظلم

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک خاتون کو اپنے سسرالی خاندان کے ایک رکن کو کندھوں پر بٹھا کر تین کلومیٹرز تک پیدل چلایا گیا ہے، جس کی وڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

یہ عجیب اور افسوس ناک واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع گونا میں پیش آیا ہے، جس کی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکا ایک خاتون کے کندھوں پر سوار ہے اور وہ تیزی سے پیدل چلتی جا رہی ہے۔ ان کے پیچھے ہاتھوں میں ڈنڈے اور کرکٹ کے بلّے اٹھائے ہوئے لوگ بھی موجود ہیں جو ہنستے جا رہے ہیں اور خاتون کی اس تذلیل پر خوش نظر آتے ہیں۔ خاتون کی رفتار جیسے ہی کم ہوتی ہے تو ان میں سے کچھ ان ڈنڈوں اور بلّوں سے اسے مارتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

بھوپال کے قریب دیہی علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور چار ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور اس پر دونوں میاں بیوی رضامند تھے۔ لیکن پچھلے ہفتے سابق سسرالی خاندان کے کچھ لوگوں نے اسے اغوا کیا اور پھر یہ واقعہ پیش آیا۔ وہ خاتون کے کسی دوسرے مرد کے ساتھ تعلقات کو اس "سزا” کا سبب بتا رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مدھیہ پردیش میں ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ چند مہینے پہلے جولائی 2020ء میں بھی ایک خاتون کو ایسی ہی ذلت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے شوہر سمیت سات افراد کو گرفتار کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے