سنگاپور میں قائم سوئیڈن کے 9 اداروں نے نئے سال سے والد بننے والوں کی تعطیلات دو ہفتوں سے بڑھا کر چار ہفتے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس وعدے کو ملک میں صنفی مساوات کی جانب ایک قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بچے کی پیدائش کے اہم مرحلے پر والد کے گھر والوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی راہ ہموار ہوگی۔
سوئیڈش چیمبر آف کامرس سنگاپور کے اعلان کے مطابق ان میں معروف دوا ساز ادارہ ایسٹرا زینکا، ملبوسات بنانے والا H&M، گھریلو برقی مصنوعات بنانے والا الیکٹرولکس اور دیگر ادارے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ، حمل گرنے یا مردہ بچے کی پیدائش پر ماں باپ دونوں کو با تنخواہ چھٹیاں دینے کا قانون منظور
یہ قدم سوئیڈن کے معروف فرنیچر ادارے IKEA سے متاثر ہو کر اٹھایا گیا ہے کہ جس نے 2017ء میں والد بننے والے ملازمین کی چھٹیاں دو ہفتے سے بڑھا کر چار ہفتے کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
سنگاپور کے قانون کے مطابق مرد بچے کی پیدائش کے موقع پر دو ہفتوں کی چھٹیاں لے سکتا ہے جس کی اسے مکمل طور پر ادائیگی بھی کی جائے گی۔
سوئیڈش اداروں کے اس اعلان کے بعد اب دیگر اداروں کو بھی تحریک ملے گی کہ وہ اپنے ملازمین کو مزید چھٹیاں دیں تاکہ وہ یکساں طور پر بچے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھال سکیں۔
جواب دیں