ششی تھرور کو پُر کشش کا لفظ ادا کرنا مہنگا پڑ گیا

چھ خواتین اراکین پارلیمان کے ساتھ تصویر نے ہنگامہ کھڑا کر دیا

ششی تھرور بھارت کے مقبول ترین سیاست دانوں میں سے ایک ہیں۔ اپنی گاڑھی انگریزی اور اپنا ما فی الضمیر بیان کرنے کے لیے الفاظ کا بھرپور استعمال ان کی شخصیت کا خاصہ ہے۔ لیکن اس مرتبہ ان کے الفاظ انہیں دھوکا دے گئے اور ٹوئٹر پر انہیں بڑی خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تھرور نے حال ہی میں ٹوئٹر پر ایک تصویر شائع کی تھی، جس میں وہ پارلیمان کی چھ خواتین اراکین کے ساتھ کھڑے ہیں جن میں نصرت جہاں، میمی چکربرتی، امریندر سنگھ کی اہلیہ پرنیت کور، سپریا سولے، جوتھی مانی اور تمیزاچی تھنگاپانڈیا شامل تھیں۔ لیکن اس تصویر کے ساتھ جو الفاظ ششی تھرور نے استعمال کیے ہیں وہ واقعی بہتر نہیں ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ "کون کہتا ہے کہ لوک سبھا کام کرنے کے لیے ایک پُر کشش مقام نہیں؟ آج صبح چھ اراکین پارلیمان کے ساتھ۔”

یہ بھی پڑھیں: بھارت، 25 سال گزر گئے، پارلیمان میں خواتین کے لیے نشستیں مختص نہ ہو سکیں

جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا جس میں پہلی رائے تو اسے ‘نان-ایشو’ قرار دیتی ہے لیکن دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جو کہتی ہے کہ خواتین کو محض ان کی شکل و صورت تک محدود رکھنا اور صلاحیت پر بات نہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

بہت زیادہ بحث ہو جانے کے بعد ششی تھرور نے وضاحت کی ہے کہ یہ محض تفریحاً ادا کیا گیا جملہ تھا اور انہوں نے برا لگنے پر معذرت بھی کی ہے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے اس مرتبہ مرد اراکین پارلیمان کے ساتھ بھی تصویر لگائی اور لکھا کہ یہ تصویر وائرل نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے