بھارت، پاکستان کے جیتنے پر خوشی منانے والی خاتون ٹیچر ملازمت سے نکال دی گئیں

مقبوضہ کشمیر میں کالج عملے اور طلبہ کے خلاف بھی مقدمات درج

بھارت کی ریاست راجستھان میں ایک خاتون ٹیچر کو محض اس لیے نجی اسکول کی ملازمت سے برخاست کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے پاک-بھارت مقابلے میں پاکستان کی کامیابی کی خوشی منا رہی تھیں۔

پاکستان نے اتوار کو ایک تاریخی مقابلے میں بھارت کو پہلی بار ورلڈ کپ میں کسی مقابلے میں شکست دی تھی۔

خبروں کے مطابق نفیسہ عطاری نامی ایک خاتون راجستھان کے شہر اودے پور کے نیرجا مودی اسکول میں ملازمہ تھیں، جنہیں واٹس ایپ پر ایک اسٹیٹس ڈالنے کی پاداش میں نوکری سے نکال دیا گیا۔

انہوں نے دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم مقابلے میں پاکستان کی کامیابی کے بعد اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس میں لکھا تھا "ہم جیت گئے ۔۔۔۔!”

بعد ازاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر بھی اپلوڈ کی تھیں۔ خبروں کے مطابق ان کے واٹس ایپ اسٹیٹس کے اسکرین شاٹس ملنے کے بعد اسکول انتظامیہ نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی خواتین جو مقبوضہ کشمیر جا کر پھنس گئیں

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں دو میڈیکل کالجز کے عملے اور طلبہ کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی کامیابی کی خوشیاں منائی تھیں۔

خبروں کے مطابق شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں طلبہ نے پاکستان کی حمایت میں نعرے بھی لگائے اور پٹاخے بھی پھاڑے۔

یہ معاملہ تب سامنے آیا جب کئی طلبہ کی وڈیوز انٹرنیٹ پر سمانے آئی تھیں کہ وہ بھارت کی شکست کا جشن منا رہے ہیں۔ ایک وڈیو میں دیکھا گیا کہ میڈیکل کالج سری نگر اور شیرِ کشمیر انسٹیٹیوٹ کے گرلز ہاسٹل میں لڑکیاں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے