ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں پاکستان ویمنز کی قیادت جویریہ خان کریں گی۔
سیریز کے لیے مہمان ٹیم یکم نومبر کو کراچی پہنچے گی، جہاں 8، 11 اور 14 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے لیے زمبابوے روانہ ہو جائیں گی، جو 21 نومبر سے شروع ہوگا اور 5 دسمبر تک جاری رہے گا۔ ورلڈ کپ اگلے سال نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ویمنز کرکٹ کے نئے سیزن کا اعلان
واضح رہے کہ رواں سال ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی متوقع ہے، جو دسمبر میں تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ اس سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھولنے میں مدد ملے گی، بالخصوص انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے حالیہ دورے منسوخ ہونے کے بعد۔
ویمنز سیریز پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا ہے کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ پاکستان میں ویمنز کرکٹ کے فروغ اور تشہیر کے لیے یہ ایک زبردست سیریز ہوگی، ساتھ ہی دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاریوں کا بہترین موقع بھی فراہم کرے گی۔
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا کیمپ سنیچر سے شروع ہو رہا ہے اور 5 نومبر تک جاری رہے گا۔
اسکواڈ میں کپتان جویریہ خان کے علاوہ ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، نشرح سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔
جواب دیں