راولپنڈی میں خواتین کی تیسری یونیورسٹی کا افتتاح

وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ مل گیا

وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد اب راولپنڈی میں خواتین کے لیے جامعات کی تعداد تین ہو گئی ہے۔

اس کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کالج میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور دیگر اراکین پارلیمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وقار النساء یونیورسٹی کو ابتدائی طور پر 1 ارب روپے دیے جائیں گے اور پہلے مرحلے میں چار فیکلٹیز بنائی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ” خواتین کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صرف راولپنڈی میں ڈویژن میں ہی 60 گرلز کالج موجود ہیں۔ اس کے علاوہ صحت کے بجٹ میں 124 فیصد کا اضافہ کیا گیا جبکہ اعلیٰ تعلیم اور اسکول تعلیم کے بجٹ میں بھی بالترتیب 286 فیصد اور 29 فیصد کے اضافے کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیم کی کمی، پاکستانی خواتین کی حالتِ زار کا بنیادی سبب

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جانب سے 21 جامعات کی منظوری دی گئی ہے کہ جس میں سے 6 پہلے ہی قائم ہو چکی ہیں اور 9 دیگر پر کام جاری ہے۔ "چار جامعات ضلع راولپنڈی میں ہیں جبکہ اٹک میں بھی ایک جامعہ بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔”

اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ ایک اہم دن ہے کیونکہ وہ راولپنڈی میں خواتین کے لیے تیسری جامعہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ڈھوک حسو میں ہی 5 ہزار لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور پہلی بار کینٹونمنٹ ایریا میں گرلز کالج بنانے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے انہیں تعلیم پر کام کرنے کا کہا تھا، جس کے بعد سے وہ راولپنڈی میں 79 کالج بنا چکے ہیں۔

انہوں نے راولپنڈی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی جلد تکمیل کا بھی اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے