سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کا مجوزہ دورۂ پاکستان ملتوی ہو گیا ہے۔ سری لنکا اور پاکستان 2021ء کے ویمنز ورلڈ کپ سے پہلے ایک سیریز کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ پُر اعتماد تھا کہ پاکستان میں تین ون ڈے میچز کی سیریز طے ہو جائے گی۔ سری لنکا نے ویمنز ورلڈ کپ 2020ء کے بعد سے کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی، جسے ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے لیے اپنے مختصر وقت میں کسی سیریز کے انتظامات کرنا مشکل ہے کیونکہ بورڈ میں اس وقت انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کی ویمنز کرکٹ کا دورۂ پاکستان متوقع
اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چند پاکستانی کھلاڑی بھی اکتوبر میں دستیاب نہیں۔ سری لنکا کرکٹ کو امید ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہی ان مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوگا۔ ورلڈ کپ اگلے سال مارچ و اپریل میں نیوزی لینڈ میں کھیلا جانا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے سی ای او اشلے ڈی سلوی نے کہا ہے کہ "اس وقت بات چیت جاری ہے، لیکن پاکستان میں انتظامی تبدیلیوں کی وجہ سے فوری طور پر اس مجوزہ سیریز کے لیے وقت نکلنا مشکل ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ایسا ضرور ممکن ہوگا۔
دونوں ٹیموں کا اگلا امتحان 21 نومبر سے زمبابوے میں شروع ہونے والا ورلڈ کپ کوالیفائر ہے۔
جواب دیں