پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ایک شخص نے خاتون پر تیزاب پھینکا ہے جس کے ساتھ اس نے دوسری شادی کی تھی۔
واقعہ تھانہ بوریوالہ شہر کی حدود میں مجاہد کالونی میں پیش آیا ہے کہ جہاں 40 سالہ ممتاز نے اسی علاقے کی 34 سال رشیدہ بی بی سے دو سال قبل دوسری شادی کی تھی۔ لیکن جلد ہی دونوں میں ناچاقی پیدا ہو گئی جس کے بعد ممتاز نے اپنی بیوی پر شک کرنا شروع کر دیا۔
گزشتہ روز دونوں کے مابین ایک مرتبہ پھر جھگڑا ہوا جس کے بعد ممتاز اس پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔ خاتون کے چہرے پر شدید زخم آئے ہیں اور وہ ٹی ایچ کیو ہسپتال، بوریوالہ میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے چند ہی گھنٹوں بعد ممتاز کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 336 ب کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ممتاز کا کہنا ہے کہ رشیدہ اب بھی اس کی بیوی ہے، جبکہ رشیدہ بی بی کا دعویٰ ہے کہ ملزم اس کا سابق شوہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا
دوسری جانب ٹک ٹاک وڈیوز بنانے پر اپنی سابق اہلیہ پر تیزاب پھینکنے والے شخص پر بھی فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
سید ذیشان نامی شخص نے اپنے ایک دوست بالاچ کی مدد سے اپنی سابق بیوی 21 سالہ رمشا پر تیزاب پھینکا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی تھی۔
واقعہ 21 اگست کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔ رمشا نے مرنے سے پہلے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا تھا کہ
جب میں کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلی تو ذیشان نے میرا پیچھا کرنا شروع کر دیا اور جب میں بھاگنے لگی تو اس نے میرا تعاقب کیا اور میرا عبایا پکڑ لیا اور تیزاب پھینک دیا۔ اسے بہت سخت سزا ملنی چاہیے۔
ملزم رمشا پر تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہو گیا تھا اور اگلے روز گرفتار ہوا۔ تحقیقات کے دوران اس نے اپنے ساتھی کا نام بھی ظاہر کیا کہ جو شیر شاہ سے اس کے لیے تیزاب لایا تھا اور وقوعے کے وقت بھی اس کے ساتھ موجود تھا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم اور مقتولہ نے چند سال قبل شادی کی تھی، لیکن ان کے تعلقات جلد ہی خراب ہو گئے۔ ملزم نے تسلیم کیا کہ وہ دونوں ٹک ٹاک پر وڈیوز ڈالا کرتے تھے لیکن اس نے بعد میں رمشا کو منع کیا کہ وہ یہاں وڈیوز مت اپلوڈ کرے۔ اس نے یہ بھی مانا کہ رمشا نے اس کی بات نہیں مانی جس پر اس نے چند مہینے پہلے اسے مار پیٹ کر زخمی بھی کیا تھا۔ جس کے بعد وہ گھر چھوڑ کر والدین کے ہاں چلی گئی تھی اور خلع کی خواہش مند تھی۔
رمشا کو کراچی کے سوِل ہسپتال کے برنس وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔ اس کا 39 فیصد زخم جل چکا تھا، جس کے علاج کے دوران وہ چل بسی۔
Pingback: دوبارہ شادی کی خواہش مند بیوہ خاتون پر تیزاب پھینک دیا گیا - دی بلائنڈ سائڈ