اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین (یو این ویمن)، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور ہراسگی سے تحفظ کے لیے وفاقی محتسب نے مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت خواتین کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور عوامی مقامات پر انہیں ہراسگی کے خلاف تحفظ دینے کے لیے باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔
پاکستان کی تقریباً آدھی افرادی قوت خواتین پر مشتمل ہے، جو معاشرتی اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتی ہے، لیکن انہیں سفر کے دوران سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ ہر خاتون اور لڑکی کا حق ہے کہ انہیں ہراسگی کے خوف سے بے پروا ہو کر آزادانہ سفر کرنے کا موقع ملے۔
اس ہدف کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پی آئی اے، اقوام متحدہ کا منصوبہ اور وفاقی محتسب کی ہراسگی کے خاتمے کی کوششیں مل کر ایک محفوظ سفری ماحول کے لیے شعور اجاگر کریں گی جس میں فضائی عملے اور پی آئی اے کے مہمانوں، ہوائی اڈوں اور دفاتر بلکہ پرواز کے دوران بھی خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
یہ یاد داشت تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 509 اور کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف ایکٹ 2010ء کے مکمل نفاذ کا عہد کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کا عالمی دن: 83 فیصد خواتین ہراسگی سے بچنے کے لیے اپنی نقل و حرکت محدود کرتی ہیں
یوں پی آئی اے دنیا کی پہلی ایئر لائن اور پاکستان میں کارپوریٹ شعبے کا پہلا ادارہ بن چکی ہے کہ جس نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے یہ قدم اٹھایا ہے، جس میں خواتین کے لیے محفوظ سفر اور کام کا ماحول تشکیل دینے کا کھلا وعدہ کیا گیا ہے اور اس کے نفاذ کا منصوبہ مرتب کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے لیے بھی ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یو این ویمن کی نمائندہ برائے پاکستان شرمیلا رسول نے کہا کہ
ہمیں خواتین کو محفوظ نقل و حرکت تک رسائی دینے کی ضرورت ہے۔ آبادی کے یہ دونوں حصے اپنی صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھیں تو معیشتیں اور معاشرے دونوں پنپتے ہیں۔ خواتین معاشی نمو کی اہم محرّک ہیں۔ پی آئی اے نے پوری دنیا کو ایک نیا رجحان دیا ہے۔
اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہم بحیثیتِ ادارہ خواتین کو سفر کا محفوظ ماحول دینے کا عہد کرتے ہیں، چاہے وہ دفاتر میں ہو یا سفر کے دوران۔ یہ دیگر کارپوریٹ اداروں کے لیے بھی بڑا موقع ہے کہ وہ آگے آئیں اور قومی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
ہراسگی کے خلاف تحفظ کے لیے وفاقی محتسب کشمالہ طارق نے اس تاریخی قدم پر یو این ویمن اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز دونوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا سیکریٹریٹ کام اور سفر کے لیے محفوظ تر ماحول کا ہدف حاصل کرنے اور اس حوالے سے تمام خواتین کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
جواب دیں