صدر پاکستان عارف علوی نے کاروباری شخصیات اور صنعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اداروں میں خواتین اور معذور افراد کو بھرتی کر کے انہیں مالیاتی شمولیت اور با اختیار بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد ملک کی کُل آبادی کا 12 سے 14 فیصد ہیں اور انہیں روزگار کے مواقع دے کر اور کاروباری برادری کے خاص تعاون کے ذریعے ہنر سے لیس کر کے مالی لحاظ سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات کر رہے تھے کہ جس نے صدر قیصر اقبال کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
وفد نے صدر عارف علوی کو سیالکوٹ چیمبر کی برآمدی صلاحیت اور ملک کی سماجی و معاشی میں اس کے حصے سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کی خود مختاری کے لیے فوڈ پانڈا اور ویمن آن ویلز شانہ بشانہ
قیصر اقبال نے صدر کو سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، جس پر انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ووفد سے بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی توجہ نوجوانوں، خواتین اور معذوروں کو با اختیار بنانے اور ان کی مالی شمولیت کو بہتر بنانے پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 100 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ انہیں اپنے کاروبار تشکیل دینے میں مدد ملے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار بھی کیا کہ لوگ شعور نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کے پیش کیے گئے قرضوں کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھا پائے اور زور دیا کہ قرضوں کے حصول کے لیے انہیں آسانی اور رہنمائی دینی چاہیے۔
جواب دیں