کراچی میں شوہر نے پیسے نہ دینے پر بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔
ایئرپورٹ تھانے کی پولیس کے مطابق واقعہ گلشنِ آمنہ نامی علاقے میں پیش آیا۔ ملزم محمد اعظم نے ایک سال قبل ہی خاتون سے شادی کی تھی۔ وہ خاتون کا تیسرا شوہر تھا جس سے ان کے چار بچے تھے جبکہ خاتون کا ایک بیٹا اور تین بیٹیاں پچھلے دو شوہروں سے بھی تھیں۔
لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مقتولہ کے بیٹے نے بتایا کہ اعظم ان کی ماں سے پیسے مانگ رہا تھا اور جس وقت اس نے گولی مار کر قتل کیا، وہ گھر پر ہی تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی جیسے شہر میں غیرت کے نام پر قتل
انہوں نے کہا کہ ان کی ماں نے اپنی ایک جائیداد بیچی تھی اور اعظم گاڑی خریدنے کے لیے ان سے پہلے ہی 20 لاکھ روپے لے چکا تھا لیکن یہ ساری رقم اس نے منشیات میں اڑا دی۔
انہوں نے کہا کہ اعظم دو دن پہلے ہی گھر آیا تھا اور پیسوں کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اس نے کہا کہ ماں کا کہنا تھا کہ پہلے خریدی ہوئی گاڑی دکھائیں، پھر پیسے ملیں گے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جو پیسہ دیا ہے اس کا پورا حساب بھی دیں۔
سخت بحث کے بعد اعظم پہلے تو گھر سے چلا گیا، لیکن بعد میں پھر پیسوں کے مطالبے کے ساتھ آیا اور انکار پر اس نے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق اسے جائے وقوعہ سے 30-بور پستول کے دو خول ملے ہیں۔
Pingback: لاہور میں دن دیہاڑے خاتون وکیل کا قتل - دی بلائنڈ سائڈ