لاہور کی ایک ضلعی عدالت نے مسجد وزیر خان کی مبینہ بے حرمتی کے معاملے میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے بدھ کو یہ وارنٹ جاری کیے تھے۔
بلال سعید کا کہنا تھا کہ انہیں اب تک عدالت کا کوئی سمن نہیں ملا جبکہ صبا کا کہنا تھا کہ انہیں 7 ستمبر کی صبح 10 بجے کورٹ کا سمن ملا تھا۔
عدالت کے مطابق دونوں ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور استدعا کی کہ قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لیے جائیں۔ انصاف کے تقاضوں کے مد نظر رکھتے ہوئے عدالت نے ان کی درخواست قبول کر لی ہے۔
صبا قمر اور بلال سعید کو گزشتہ سال اگست میں اس وقت کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ان کی ایک وڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہیں تاریخی مسجد وزیر خان میں اپنے ایک گانے کی وڈیو پر کام کرتے دیکھا گیا تھا۔
یہ وڈیو وائرل ہو جانے کے بعد ان کے خلاف تھانہ اکبری دروازہ میں مقدمہ درج کیا اور 15 اگست کو انہوں نے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کروائی تھی۔ ان کے وکیل کے مطابق یہ مقدمہ بے بنیاد ہے کیونکہ مسجد میں کوئی ناچ گانا نہیں کیا گیا اور ان کے دونوں فریق بے گناہ ہیں۔
صبا قمر اور بلال سعید نے اس وڈیو پر معافی بھی مانگی تھی اور وڈیو شوٹ کے تناظر میں وضاحت بھی جاری کی تھی۔
جواب دیں