کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ایک 23 سالہ خاتون پر مبینہ طور پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا ہے، جس سے وہ بری طرح جھلس گئی ہیں۔
تھانہ ڈیفنس کے مطابق صائمہ حسین پر اس کے شوہر ساجد ریاض نے تیزاب پھینکا جب وہ اپنے والدین کے گھر میں موجود تھیں۔ نتیجتاً انہیں چہرے اور جسم پر شدید زخم آئے ہیں۔ وہ سوِل ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ میں زیرِ علاج ہیں جبکہ ملزم فرار ہو چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ وٹے سٹے کی شادی تھی اور ملزم نشے کا عادی شخص ہے۔ شوہر سے اختلاف کے بعد صائمہ اپنے والدین کے گھر آ گئی تھیں، جہاں شوہر معاملہ ٹھنڈا کرنے کے لیے آیا تھا۔ لیکن اس دوران دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا اور ملزم بیوی پر تیزاب پھینک پر فرار ہو گیا۔
مزید پڑھیں: فیصل آباد، نامعلوم شخص نے تین بہن بھائیوں پر تیزاب پھینک دیا
زخمی خاتون کے بھائی عامر کا کہنا ہے کہ ساجد نے تیزاب قریبی دکان سے خریدا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون اس وقت ایسی حالت میں نہیں ہیں کہ ان کا کوئی بیان ریکارڈ کیا جا سکے۔
دوسری جانب کراچی ہی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک خاتون نے آگ لگا کر خود کشی کر لی ہے۔ یہ واقعہ جوگی موڑ کے قریب پیش آیا کہ جہاں 35 سالہ خالدہ نثار نے شوہر سے جھگڑے کے بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ خالدہ نے رکشے سے پٹرول نکال کر خود پر چھڑک لیا اور آگ لگا دی۔ اسے شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔
Pingback: پاکستان میں تیزاب گردی کے بڑھتے واقعات - دی بلائنڈ سائڈ