مشہور پاکستانی کرکٹر بسمہ معروف ماں بن گئیں

بسمہ پاکستان کے لیے 108 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہیں

پاکستان کی مشہور خاتون کرکٹر بسمہ معروف ایک بیٹی کو جنم دینے کے بعد ماں بن گئی ہیں۔

30 سالہ بسمہ نے آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020ء کے بعد سے کوئی کرکٹ نہیں کھیلی کہ جہاں دو میچز میں حصہ لینے کے بعد وہ دایاں انگوٹھا زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔ پھر رواں سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز سے پہلے انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا تھا اور دورۂ ویسٹ انڈیز بھی نہیں کیا۔

بسمہ معروف نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ وہ غیر معینہ مدت کے لیے کرکٹ سے دُوری اختیار کر رہی ہیں، کیونکہ وہ ماں بننے والی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ماں کی حیثیت سے زندگی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہوں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

اب تجربہ کار آل راؤنڈر نے ٹوئٹر کے ذریعے اعلان کیا کہ اللہ نے انہیں ایک بیٹی سے نوازا ہے۔ جس اعلان پر انگلینڈ کی کپتان ہیدر نائٹ اور جنوبی افریقہ کی کھلاڑی مگنون ڈو پیریز نے بھی انہیں مبارک باد دی ہے۔

بسمہ پاکستان کی بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2006ء میں بھارت کے خلاف جے پور میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل سے کیا تھا، جس میں انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 43 رنز بنائے تھے اور یوں 15 سال کی عمر میں ہی اپنی صلاحیتوں کو منوا لیا تھا۔

تین سال بعد انہوں نے 2009ء میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

وہ اب تک 108 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2,602 رنز بنا چکی ہیں اور 44 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی اتنے ہی میچز میں 11 نصف سنچریوں کی مدد سے 2,225 رنز بنائے اور 36 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے