شرمین عبید نے خواتین فلم سازوں کے لیے نیا منصوبہ شروع کر دیا

پٹاخا پکچرز کا مقصد ابھرتی ہوئی خاتون فلم سازوں کو سرمایہ اور رہنمائی فراہم کرنا ہے

دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ اور چار بار ایمی ایوارڈ جیتنے والی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے ‘پٹاخا پکچرز’ کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ گرانٹس دینے والا ایک منصوبہ ہے جو ابھرتی ہوئی خاتون فلم سازوں اور داستان گو خواتین کو طاقتور، اچھوتے خیالات پر مبنی کہانیاں اور داستانیں بنانے کے لیے سرمایہ اور رہنمائی فراہم کرے گی۔

شرمین عبید نے انسٹاگرام پر اس پلیٹ فارم اور اس کے پس پردہ مقاصد کے بارے میں بتایا کہ "داستان گوئی میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے اور مجھے معلوم ہے کہ اس کے لیے سرمایہ اور رہنمائی حاصل کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ SOC فلمز میں پاکستان بھر کی نوجوان خواتین کی ای میلز، کالز اور ملاقاتوں کا سامنا رہتا ہے جو اپنی کہانیاں سنانا چاہتی ہیں۔”

"آج میں ایک پلیٹ فارم کا آغاز کرنے جا رہی ہوں جس کے بارے میں مجھے امید ہے کہ ایسی خواتین کی بھرپور مدد کرے گا۔ یہ پاکستان بھر کی خاتون فلم سازوں کے لیے مختصر گرانٹس اور مینٹورشپ پروگرام ہے، جو مختصر داستان گوئی میں کام کرنا چاہتی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ چند سالوں میں یہ پلیٹ فارم ایک ایسی فلم ساز سامنے لائے گا جو اکیڈمی ایوارڈ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔”

شرمین عبید چنائے خواتین کو با اختیار بنانے کے مشن پر ہیں جن کی ایک مختصر فلم ‘Women in Media’ آئی ہے جو میڈیا میں کام کرنے والی خواتین کو مستقل بنیادوں پر درپیش مشکلات اور جبر سے آگاہ کرتی ہے۔ یہ مختصر فلم ‘White in the Flag’ منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں اقلیتوں کو آواز عطا کرنا اور انہیں درپیش مسائل کو سامنے لانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے