ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ سے پہلے بھرپور تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2021-22ء کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ورلڈ چیمپئن انگلینڈ ویمنز رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے۔
آئندہ سیزن میں ملک کی بہترین خواتین کھلاڑی 33 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیں گی۔ جس کا آغاز 9 ستمبر کو کراچی میں پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 4 ٹیمیں 14 میچز کھیلیں گی اور اس کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کا سامنا کرے گی۔
یہ عالمی چیمپئن انگلینڈ کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا جس میں 10 سے 22 اکتوبر کے دوران راولپنڈی میں دو ٹی ٹوئںٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کھلاڑیوں کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا
رواں سال کے اختتام پر قومی ویمنز کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائرز کھیلنے کے لیے زمبابوے جائے گی۔ جہاں وہ گروپ مرحلے میں 4 اور دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی صورت میں مزید 3 میچز کھیلے گی۔
اس کے علاوہ ویمنز ایشیا کپ بھی ہوگا، جس کی تفصیلات ایشین کرکٹ کونسل جاری کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ دورۂ زمبابوے سے پہلے ایک ون ڈے سیریز کی بھی کوشش کر رہا ہے۔
خواتین کو بھرپور اور معیاری کرکٹ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بورڈ نے ڈومیسٹک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں میچز اور ٹیموں کی تعداد بڑھائی ہے۔ یوں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا اور مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: زینب عباس، پاکستان کرکٹ کا چہرہ
بورڈ نے اس سال ایک انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو بھی ڈومیسٹک کیلنڈر کا حصہ بنایا ہے۔ اس سے اچھی کھلاڑیوں کی کم عمری میں ہی تلاش اور انہیں انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کے لیے تیار کرنے کا موقع ملے گا، جو 2023ء میں کھیلا جائے گا۔
سیزن 2021-22ء کا اختتام 14 میچز پر مشتمل قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہوگا جو اگلے سال جون جولائی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد قومی ویمنز ٹیم دولتِ مشترکہ گیمز 2022ء کے لیے برمنگھم روانہ ہوگی۔
Pingback: سری لنکا کی ویمنز کرکٹ کا دورۂ پاکستان متوقع - دی بلائنڈ سائڈ