انسانی اسمگلنگ، کووِڈ-19 کی وجہ مزید بچے اور خواتین زد پر

نسل پرست اور غیر ملکیوں کے خوف کے ساتھ صنفی امتیاز کے اضافے سے صورتِ حال گمبھیر

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے زور دیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے جائیں کہ جس کے ایک تہائی شکار بچے ہیں۔

کووِڈ کی وبا نے 12.4 کروڑ افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دیا ہے، اس جانب اشارہ کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ اس وقت مزید کروڑ ہا افراد اس کی زد پر ہیں۔

انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر گوتیریس نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک میں اس کے نصف شکار بچے ہیں اور زیادہ تر ان کی اسمگلنگ جبری مشقت کروانے کے لیے کی جاتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ مجرم آسان شکار کا پتہ چلانے، ان پر گرفت پانے اور ان کے استحصال کے لیے اب ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کر رہے ہیں۔ بچوں کو جنسی استحصال، جبری شادیوں اور دیگر مظالم کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے نشانہ بنانے کے عمل میں تیزی آ رہی ہے۔

اس عالمی دن کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) نے ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس کا عنوان ‘مظلوموں کی آواز پیش پیش’ جس کے ذریعے ان مظلوموں کی اَن سُنی آوازوں اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف جدوجہد میں ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

‏UNODC کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غدہ ولی کہتی ہیں کہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے، اس سے کا سامنا کرنے والوں کی مدد اور مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مظلوموں کی آواز بہت اہمیت رکھتی ہے۔ یہ ادارہ قوانین کے اطلاق کے لیے مختلف ملکوں اور دیگر اداروں کی مدد کرتا ہے۔

انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی مقرر کردہ ماہر سیوبین ملالی کہتی ہیں کہ خطرے سے دوچار افراد کو بلا امتیاز تحفظ دینے یا ان کی مدد کرنے کے بجائے انسانی اسمگلنگ کا نشانہ بننے والے بچوں کو غیر قانونی تارکِ وطن شمار کر لیا جاتا ہے یا پھر انہیں مقدمات میں گھسیٹ کر ان کی عمر اور ساکھ پر سوال اٹھایا جاتا ہے۔

انہوں نے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرستی، غیر ملکیوں سے خوف (زینوفوبیا) اور صنفی بنیاد پر امتیاز انسانی اسمگلنگ کا نشانہ بننے والے افراد کے بنیادی انسانی حقوق کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور اس گھناؤنے عمل کے مرتکب افراد کو اپنی غیر قانونی حرکتیں کرنے کی کھلی چھوٹ دے رہے ہیں۔

"انہیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا شکار سمجھنے کے بجائے گرفتار کیا جاتا ہے، حراست میں رکھا جاتا ہے اور مدد اور تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، یہاں تک کہ انہیں نسلی بنیادوں پر امتیازی سلوک کرتے ہوئے جبراً اپنے آبائی ملکوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔”

انہوں نے نجی شعبے اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں، تعلیمی نظام، کام کی جگہوں، چائلڈ پروٹیکشن سسٹمز اور انسانی اور امن آپریشنز میں نسل پرستی اور غیر ملکیوں کے خوف کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملالی نے کہا کہ نسل پرستی اور غیر ملکیوں سے خوف کے ساتھ جب صنفی امتیاز کا اضافہ ہو جاتا ہے تو اس کے شکار افراد مزید گمبھیر صورت حال سے دو چار ہو جاتے ہیں۔ "انسانی اسمگلنگ کے شکار افراد کی آواز لازماً بلا امتیاز اور بلا استثنیٰ سامنے آنی چاہیے۔ ایسے تمام افراد کو با اختیار بنانا انسانی اسمگلنگ کا نشانہ بننے والے تمام لوگوں کے انسانی حقوق کے لیے ضروری ہے۔”

 

One Ping

  1. Pingback: پاکستان میں بیچی گئی خاتون 38 سال بعد اپنی ماں سے ملنے بنگلہ دیش روانہ - دی بلائنڈ سائڈ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے