راولپنڈی میں ریپ اور قتل کی ایک واردات میں ایک 30 سالہ خاتون اور ان کا 14 ماہ کا بیٹا قتل کر دیے گئے۔ پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے مجرم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات ساڑھے 12 بجے پیش آیا تھا جب خاتون، ان کا 14 ماہ کا بیٹا اور بھائی بھیک مانگنے کے لیے چک بیلی بازار پہنچے تھے۔ بھائی کے مطابق یہاں ان کی ملاقات اس شخص سے ہوئی، جس کو اس کی بہن پہلے سے جانتی تھی۔ اس نے کہا کہ وہ ماں اور بیٹے کو گاؤں لے جائے گا۔
بھائی کے مطابق جب کافی دیر بعد بھی اس کی بہن اور بھانجا واپس نہیں آئے تو وہ پریشان ہو گیا اور تلاش کے دوران انہیں موہڑہ میں ایک جنگل میں زخمی حالت میں پڑا پایا۔ تب خاتون نے اپنے بھائی کو بتایا کہ اس کے ساتھ مشتبہ شخص نے زیادتی کی ، جس کے بعد گردن پر خنجر مار کر قتل کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد 14 ماہ کے بچے کو بھی خنجروں کے وار سے زخمی کیا اور فرار ہو گیا۔
بعد ازاں زخمی خاتون اور بیٹے کو راولپنڈی کے ایک ہسپتال لایا گیا، لیکن راستے ہی میں بچہ چل بسا۔ جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی اور بالآخر ماں بھی ایک دن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ گردن پر آنے والے زخم کے نشانات تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والی خاتون کا اصل تعلق وہاڑی سے تھا اور وہ شدید زخمی ہونے کی وجہ سے اپنا بیان نہیں دے پائی۔
Pingback: نور مقدّم قتل، پاکستان میں زن بیزاری کا پردہ چاک - دی بلائنڈ سائڈ