سابق امریکی صدر براک اوباما نے اپنی سالانہ ‘سمر پلے لسٹ’ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ایک مشہور اردو غزل بھی شامل ہے۔
آٹھ سال تک امریکا کے صدر رہنے والے براک اوباما نے اپنی صدارت کے دوران فلموں، کتابوں اور گانوں پر مشتمل اپنی فہرست جاری کرنے کی روایت کا آغاز کیا تھا، اور وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد بھی اس کا تسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔
رواں سال کے لیے اپنی فہرست میں انہوں نے 38 گانوں کا انتخاب کیا ہے، جن میں عروج آفتاب کا نام ایلا فزجیرلڈ، جے زی، رولنگ اسٹونز، ڈریک اور باب ڈائلن جیسے بڑے ناموں کے ساتھ موجود ہے۔ اوباما نے اس فہرست کو "پرانے اور نئے، معروف اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کا ملاپ” قرار دیا ہے۔
With so many folks getting together with family and friends, there’s a lot to celebrate this summer. Here’s a playlist of songs I’ve been listening to lately—it's a mix of old and new, household names and emerging artists, and a whole lot in between. pic.twitter.com/xwTPun9wsw
— Barack Obama (@BarackObama) July 10, 2021
اس فہرست میں شامل عروج آفتاب کی حالیہ البم "Vulture Prince” کا گانا "محبت” دراصل معروف اردو شاعر حفیظ ہوشیار پوری کی شہرۂ آفاق "محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے،” ہے۔ یہ غزل کئی عظیم گلوکاروں نے بھی گائی ہے، مثلاً مہدی حسن اور فریدہ خانم نے اور اردو کی بہترین غزلوں میں شمار ہوتی ہے۔
عروج آفتاب تقریباً دو دہائیوں سے امریکا میں مقیم ہیں۔ وہ برکلی کالج آف میوزک میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے پاکستان سے امریکی شہر بوسٹن منتقل ہوئی تھیں۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ میری موسیقی میں ایک بڑا حصہ میرے شہر لاہور اور پاکستان کی موسیقی اور شاعری کا بھی ہے۔
36 سالہ گلوکارہ 2018ء میں پہلی بار سرخیوں میں آئی تھیں، جب نیشنل پبلک ریڈیو (NPR) نے ان کی "Lullaby” کو 21 ویں صدی میں خواتین کے 200 بہترین گانوں میں شمار کیا تھا۔ بعد ازاں نیو یارک ٹائمز نے اُن کے گانے "Island No 2” کو 2018ء کے بہترین کلاسیکی موسیقی کے گانوں میں شامل کیا تھا۔
عروج کے تیسرے البم "Vulture Prince” کو بھی ناقدین نے بہت سراہا ہے۔
Pingback: عروج آفتاب گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں - دی بلائنڈ سائڈ