ڈراما نگار اسما نبیل انتقال کر گئیں

اسما نے

پاکستان کی معروف ڈراما نگار، شاعرہ اور پروڈیوسر اسما نبیل کراچی میں انتقال کر گئیں۔

‏”خانی”، "خدا میرا بھی ہے” اور "باندی” جیسے مشہور ڈرامے لکھنے والی اسما نبیل گزشتہ 7 سال سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔ ان کی نمازِ جنازہ جمعے کی دوپہر کلفٹن، کراچی میں ادا کی گئی۔

حال ہی میں انہوں نے جنریشن اور علی ذیشان کی سینے کے سرطان کے خلاف مہم میں حصہ لیا۔ اس مہم میں برانڈ نے ایک دوپٹا بھی لانچ کیا، جس کا مقصد سینے کے سرطان کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس سے حاصل ہونے والی 100 فیصد آمدنی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کو دی گئی۔

اسما نبیل نے حال ہی میں بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا تھا جب ان کا لکھا گیا ایک گانا بھارتی ڈرامے "ہیلی کاپٹر ایلا” میں شامل کیا گیا کہ جس میں کاجول نے بھی کردار نبھایا۔

یہ بھی پڑھیں:خواتین کے لیے ڈراما ‘صنفِ آہن’، نامور اداکاراؤں کی جلوہ گری

اسما نے جامعہ کراچی سے ابلاغِ عامہ میں ماسٹرز کیا تھا، جس کے بعد وہ ایڈورٹائزنگ کی صنعت سے وابستہ ہوئیں اور وہاں کافی شہرت حاصل کی۔ البتہ بعد ازاں انہوں نے اسکرین رائٹنگ شروع کر دی اور اس میدان میں خود کو منوایا۔

اسما نبیل کی وفات پر فنونِ لطیفہ سے وابستہ کئی شخصیات نے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ ثمینہ پیرزادہ، عدنان صدیقی، فیروز خان، اعجاز اسلم اور فیصل قریشی نے اپنے الفاظ میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے