برطانیہ سے اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے لاہور آنے والی ایک خاتون پر ان کے ایک خاندانی دوست کی جانب سے جنسی حملوں کا واقعہ پیش آیا ہے۔
یہ واقعہ لاہور کے علاقے وحدت کالونی میں پیش آیا کہ جہاں 26 سالہ خاتون اپنے والد کے ایک دوست کے گھر مقیم تھیں۔ خاتون کے مطابق یہ واقعہ 26 جون کو پیش آیا تھا جس کی اطلاع 29 جون کو پولیس کو کی گئی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
خاتون کے مطابق وہ چھ ماہ قبل اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے انگلینڈ سے پاکستان آئی تھیں۔ ان کی سوتیلی والدہ نے انہیں اپنے گھر میں ٹھیرانے سے انکار کر دیا جس پر وہ اپنے والد کے ایک قریبی دوست سید تقویم احسن کے گھر منتقل ہوئیں اور تب سے وہیں مقیم تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ 26 جون کو صبح سویرے تقویم احسن کا بیٹا ان کے کمرے میں داخل ہوا اور ان پر جنسی حملہ کیا۔ وہ تین دن تک ان کے ساتھ ریپ کرتا رہا اور طبیعت خراب ہونے کے باوجود انہیں ہسپتال نہیں جانے دیا۔
بالآخر خاتون نے 29 جون کو پولیس ہیلپ لائن پر کال کی اور اس واقعے کے بارے میں بتایا۔ خاتون نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے انہیں انصاف دلایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس سے جلد از جلد مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل لاہور میں برطانیہ ہی سے آنے والی ایک لڑکی کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ 25 سالہ مائرہ کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ خاندان میں ہونے والی ایک شادی میں شرکت کے لیے لاہور آئی تھیں۔ یہاں قیام کے دوران دو لڑکوں سے انہیں شادی کی پیشکش کی لیکن ان کے انکار پر ایک روز نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر انہیں قتل کر دیا۔
Pingback: برطانیہ پلٹ خاتون کے ساتھ ریپ کا واقعہ جھوٹا نکلا - دی بلائنڈ سائڈ