نادیہ ندیم ایک فٹ بالر ہیں جو ڈنمارک کے لیے کھیلتی ہیں، لیکن وہ کوئی عام کھلاڑی نہیں ہیں۔ نادیہ ندیم کی زندگی جہاں ایک المیہ کہانی بیان کرتی ہے، وہیں کامیابی کی داستان بھی ہے، جو کئی لوگوں کو متاثر کرتی اور تحریک دیتی ہے۔
نادیہ کو آج اہم ترین فٹ بال کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے، خاص طور پر جب سے انہوں نے اپنے کلب پیرس سان-جرمین کی طرف سے 2020-21ء سیزن کا فرنچ لیگ ٹائٹل جیتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کا بچپن ایک بھیانک کہانی بیان کرتا ہے۔ وہ 2 جنوری 1988ء کو ہرات، افغانستان میں پیدا ہوئی تھیں۔ صرف 11 سال کی تھیں کہ طالبان نے اُن کے والد کو قتل کر دیا جو افغان فوج میں ایک جنرل تھے۔ ان کی والدہ اپنی چاروں بیٹیوں کے ساتھ جعلی پاسپورٹس کے ذریعے افغانستان سے پاکستان پہنچیں اور یہیں سے اُن کے یورپ کے سفر کا آغاز ہوا۔
نادیہ بتاتی ہیں کہ "ہم دراصل لندن جانا چاہتے تھے، کیونکہ ہمارے چند رشتہ دار وہاں پہلے سے موجود تھے۔ لیکن انہی جعلی پاسپورٹس پر ہم پاکستان سے اٹلی پہنچ گئے۔ یہاں سے میں اور پورا خاندان ایک ٹرک میں سوار ہوا، یہ سمجھ کر کہ ہم لندن کی طرف جا رہے ہیں۔ چند دنوں کے جہاں ہمیں اتارا گیا، وہ ایک ویران جنگل تھا۔ کچھ دیر بعد پتہ چلا کہ ہم ڈنمارک میں ہیں۔”
یوں ڈنمارک نادیہ اور اُن کے خاندان کا گھر بن گیا اور یہیں سے انہوں نے B52 آلبورگ کلب کے لیے کھیلنے کا آغاز کیا۔ 2009ء میں نادیہ ندیم نے الگارو کپ میں ڈنمارک کے لیے پہلا میچ کھیلا اور یوں بین الاقوامی کھلاڑی بن گئیں۔ انہیں بہترین فٹ بالرز میں سے ایک تسلیم کیا جاتا ہے کہ جنہوں نے قومی ٹیم کی کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2017ء کی یورپی چیمپئن شپ میں ایک شاندار گول اُن کے کیریئر کا ایک یادگار لمحہ ہے۔
یہی نہیں بلکہ نادیہ فٹ بال کی سخت تربیت اور مصروفیات سے اتنا وقت نکالنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہیں ایک پلاسٹک سرجن بن سکیں۔ وہ آرہوس یونیورسٹی میں میڈیکل کی طالبہ ہیں اور فٹ بال سے ریٹائر ہونے کے بعد اس کی تکمیل کا ارادہ رکھتی ہیں۔
نادیہ کی غیر معمولی داستان ان کی سوانح حیات (autobiography) کی صورت میں پہلے سے موجود ہے اور حال ہی میں کافی مقبول بھی ہوئی ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے چند روز پہلے ان کی زندگی کو مختصراً کچھ اس طرح بیان کیا "والد افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں قتل ہوئے جب ان کی عمر 11 سال تھی، وہ فرار ہو کر ڈنمارک پہنچیں۔ 200 گول اسکور کیے اور ڈنمارک کی قومی ٹیم کی 98 مرتبہ نمائندگی کی۔ ایک سرجن بننے کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ 11 زبانیں بولتی ہیں اور فوربس کی طاقتور ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔ اپنی بیٹی کو رول ماڈل دکھائیں، اسے نادیہ ندیم سے متعارف کروائیں۔”
Father killed by Taliban in Afghanistan when she was 11, fled to Denmark. Scored 200 goals & represented the Danish national team 98 times. studying to be a surgeon. Speaks 11 languages, on the Forbes list of Powerful Women. show your daughter a role model, show her Nadia Nadim! pic.twitter.com/MBO6oXyR3B
— BaristaBarrister (@BaristaBarrist1) June 21, 2021
یہ ٹوئٹر کافی وائرل ہوا اور لاکھوں افراد نے اسے لائیک اور شیئر کیا ہے۔
خود نادیہ نے اپنے پرستاروں کی جانب سے ایسے پیغامات ملنے پر انہیں سراہا اور ان کے لیے خصوصی ٹوئٹ بھی کیا۔
I’m overwhelmed by all the kind messages. I wish I could reply them all. But thanks, I surely appreciate it, and it warms my heart ❤️
Please continue to spread love to one another, especially to those who maybe not deserves it, as they are the ones who needs it ❤️🦖 pic.twitter.com/3PaZBSTSjV
— Nadia Nadim (@nadia_nadim) June 22, 2021
ویسے نادیہ جب فٹ بال نہیں کھیلتیں تو ان کی زیادہ تر مصروفیات اقوامِ متحدہ کے لیے سفارتی کام اور خدمتِ خلق کے منصوبوں پر ہوتی ہے۔ ان کا آخری منصوبہ اپنے کلب PSG اور دنیا بھر کے مہاجر کیمپوں میں اسپورٹس کلب بنانے میں مدد دینے والے ادارے KLABU کے درمیان ایک آف فیلڈ پروجیکٹ ہے۔
Pingback: سلیمہ رحمٰن، افغان مہاجر ڈاکٹر جنہوں نے نانسن ایوارڈ جیتا ہے - دی بلائنڈ سائڈ
Pingback: گول کیپر کی جنس کی تصدیق کی جائے، شکست کے بعد انوکھا مطالبہ - دی بلائنڈ سائڈ