پاکستان کی تائیکوانڈو کھلاڑی ناجیہ رسول نے بیروت، لبنان میں ہونے والی ایشین تائیکوانڈو پومسائی میں دو میڈلز جیت لیے ہیں۔
ناجیہ نے 17 سال سے زیادہ عمر کے لیے ویمن individual فری اسٹائل کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ جنوبی کوریا کی سانگ یوپ کم اور فلپائنز کی جووینائل کرسوستومو سونے اور چاندی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں۔ اس کے علاوہ ناجیہ نے مکسڈ ٹیم فری اسٹائل کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
ایشین پومسائی ایونٹ میں جنوبی کوریا نے سب سے زیادہ سونے کے تمغے جیتے جبکہ ایران دوسرے نمبر پر رہا۔
یہ کارنامہ انجام دینے پر ناجیہ کہتی ہیں کہ پاکستان میں تائیکوانڈو کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت ہے اسے آگے لانے اور اس کی سرکاری سرپرستی کرنے کی، اس سے ملک کو مستقبل میں کھیل کے میدان میں بہت فائدہ ہوگا۔
ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر عمر سعید نے ناجیہ رسول کے کارنامے پر ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا کہ جس میں دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ لبنان میں پاکستان کے نائب سفارت کار امان اللہ نے بھی اس عشائیے میں شرکت کی اور کھلاڑیوں کو ملک کے لیے فخر کا باعث اور حقیقی سفیر قرار دیا۔
پنجاب تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے نگران ساحل چوہدری نے میڈل جیتنے والوں کے لیے 50 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
اب ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کیوروگی ایونٹ 16 سے 18 جون تک لبنان میں ہوگا، جس میں 25 سے زیادہ ممالک شرکت کریں گے۔ اس میں پاکستان کے کھلاڑی 8 مختلف کیٹیگریز میں ہوں گے جن میں سے 6 مردوں اور 2 خواتین کی ہیں۔ خواتین میں سیدہ حنا 46 کلو گرام سے کم اور عائشہ نور 49 کلو گرام سے کم میں مقابلہ کریں گی۔
جواب دیں