بالی ووڈ کی معروف اداکارہ وِدیا بالن نے کہا ہے کہ کئی خواتین کی طرح انہیں بھی صنفی تعصب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایک انٹرویو میں وِدیا بالن نے بتایا کہ "جب میں نے ایک جگہ کہا کہ مجھے اور میرے شوہر، فلم ساز سدھارتھ رائے کپور، کو کھانا پکانا نہیں آتا، تو مجھے اب بھی یاد ہے کہ اس تقریب میں موجود چند لوگوں نے کہا کہ خدایا! تمہیں کھانا بنانا نہیں آتا؟ میں نے کہا نہیں، سدھارتھ کو بھی نہیں آتا تو ان کا کہنا تھا کہ تمہیں تو کھانا پکانا آنا چاہیے۔ میں یہی کہتی رہ گئی کہ مجھ میں اور سدھارتھ میں کوئی فرق کیوں ہونا چاہیے؟”
لیکن یہ واحد موقع نہیں تھا کہ جب وِدیا کو اپنی کھانا پکانے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کو کہا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ والدہ مجھے ہمیشہ کہتی تھیں کہ میں کھانا پکانا سیکھوں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ "آخر میں ہی کھانا پکانا کیوں سیکھوں؟ میں تو اتنا کماؤں گی کہ ایک باورچی رکھ سکوں یا پھر شادی ہی ایسے شخص سے کروں گی جسے کھانا پکانا آتا ہو۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ہم سب کو صنفی تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسا صرف صنفِ مخالف یعنی مردوں کی طرف سے ہی نہیں ہوتا۔ میرے خیال میں ہمارے اندر ایک دوسرے پر تنقید کرنے اور جانچنے کا مادّہ کچھ زیادہ ہے، خواتین کے لیے یا خواتین کے ساتھ تو ایسا کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے۔”
ویسے انہوں نے کہا کہ میں نے لاک ڈاؤن کے دوران کھانے پکانے پر کچھ ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی، لیکن محض اپنے عملے کی مدد کرنے کی حد تک۔
ودیا ایک معروف اداکارہ ہیں جو کئی مشہور فلموں میں مرکزی کردار ادا کر چکی ہیں۔ نئی فلم "شیرنی” میں وہ ایک فارسٹ آفیسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
جواب دیں