فرانس کے صدر کو عوامی تھپڑ

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کوفرانس کے علاقے ڈروم کے دورے کے دوران ایک شخص نے تھپڑ ماردیا۔ فرانسیسی صدر کی سیکیورٹی نے فوری طور پر مداخلت کی اور مذکورہ شخص کو ایمانوئیل میکرون سے دور کردیا۔فرانسیسی صدراپنے دورے کے دوران ریسٹورنٹ مالکان اور طلبہ سے بات چیت کررہے تھے کہ  کورونا وائرس کے بعد اب زندگی معمول کی جانب کیسے لوٹ رہی ہے اور اسی دوران یہ غیرمعمولی صورتحال پیش آگئی۔

ایمانوئیل میکرون کو تھپڑمارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سفید شرٹ میں ملبوس ایمانوئیل میکرون کو دھاتی رکاوٹوں کے پیچھے کھڑے ہجوم کی جانب پیدل جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔فرانسیسی صدر نے ایک شخص سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا جس نے سبز رنگ کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ساتھ میں گلاسز اور فیس ماسک پہنا ہوا تھا۔ مذکورہ شخص کو ویڈیو میں ‘میکرون کے اقدامات نامنظور’ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے جس کے بعد اس شخص نے فرانسیسی صدر کے چہرے پر تھپڑ مار دیا۔جس پر ایمانوئیل میکرون کے 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے سبز شرٹ میں ملبوس شخص کو گھیر لیا جبکہ دیگر فرانسیسی صدر کواپنے حصار میں لے کر پیچھے ہٹ گئے۔

واقعے کے چند سیکنڈز بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون جائے وقوعہ پر عوام کے ہجوم کے سامنے پھر سے موجود تھے اور عوام سے بات چیت کرتے نظر آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے