مانچسٹر سے تعلق رکھنے والی 9 سالہ حنا میاں نے 40 کلومیٹرز واک کر کے بنگلہ دیش میں لاوارث بچوں کے لیے 14,535 برطانوی پونڈز جمع کر ڈالے ہیں اور اس پر ان کے دادا محمد اسلم میاں کو بہت فخر ہے۔
حنا نے رمضان کے مہینے میں بنگلہ دیش کے لا وارث اور بے گھر بچوں کی ایک وڈیو دیکھی تھی، جس پر انہیں بہت افسوس ہوا اور ساتھ یہ احساس بھی کہ ایک اچھا خاندان اور ایک اچھا گھر ملنے کی وجہ سے وہ کتنی خوش قسمت ہیں۔ یہی سوچ کر انہوں نے ان بچوں کی مدد کا فیصلہ کیا اور 1,000 پونڈز جمع کرنے کو ہدف بنایا لیکن مقامی برادری کی بہترین سپورٹ کی بدولت وہ اس ہدف سے کہیں آگے نکل گئیں اور تقریباً 15,000 پونڈز جمع کر لیے ہیں۔
ان کے دادا راٹین اسٹال، لنکا شائر کی معروف شخصیت محمد اسلم میاں ہیں، جنہیں اپنی پوتی پر بہت فخر ہیں۔ کہتے ہیں کہ حنا نے ٹیلی وژن پر دیکھا کہ ڈھاکا میں لوگ کتنی مشکل زندگی گزار رہے ہیں، تو انہوں نے ان کی مدد کا فیصلہ کیا۔ اب تک تقریباً 15,000 پونڈز جمع کر چکی ہیں، جس کی مجھے بہت خوشی ہے۔ اس سے دوسروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔
اقوام متحدہ کے مطابق بنگلہ دیش میں لاوارث و بے گھر بچوں کی تعداد 6,00,000 سے زیادہ ہے۔
حنا نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے ایسے بچوں کی مشکلات کے حوالے سے شعور بڑھے گا اور کئی بچوں کے حالات بہتر ہو جائیں گے اور وہ سڑکوں پر زندگی نہیں گزاریں گے۔ حنا کی بڑی بہن 12 سالہ آمنہ نے بھی مختلف چیزیں فروخت کر کے 610 پونڈز کمائے ہیں اور سب اِس کام کے لیے وقف کیے ہیں۔
محمد اسلم میاں 1963ء میں بنگلہ دیش سے راٹین اسٹال منتقل ہوئے تھے اور علاقے کی پہلی مسجد بھی انہوں نے ہی بنائی تھی۔
جواب دیں