بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے کہ جس میں شادی کی تقریب کے دوران دلہن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی اور پھر اس کی جگہ بہن کی شادی کر دی گئی۔
یہ واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا ہے کہ جہاں سوربھی نامی ایک لڑکی کی شادی منگیش کمار سے ہو رہی تھی۔ جے مالا کی رسم کے دوران اچانک دلہن گر پڑی، جس پر ڈاکٹر کو بلایا گیا جس نے بتایا کہ اسے دل کا دورہ پڑا تھا اور اس کی وفات ہو چکی ہے۔
اس موقع پر دونوں خاندانوں نے فیصلہ کیا کہ منگیش کے ساتھ متوفیہ کی چھوٹی بہن نشا کی شادی کر دی جائے۔
بھارت میں زیادہ تر شادیاں والدین کی مرضی سے ہی ہوتی ہیں۔ اس لیے ایسے معاملات میں بات خاندان کے اندر ہی رکھنے کے لیے ایسے قدم اٹھائے جاتے ہیں۔ لیکن نشا کی شادی اس طرح ہوئی کہ ایک کمرے میں شادی کی تقریب چل رہی تھی تو دوسرے میں بہن کی لاش رکھی تھی۔
ان کے بھائی سوربھ کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ اس موقع پر غم کا اظہار کیا جائے یا خوشی کا۔
ویب سائٹ ‘سنگل ٹو شادی’ کی بانی رادھا پٹیل کہتی ہیں کہ غالباً خاندان نے مرنے والی دلہن کی بہن کی شادی کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ اس بات کو خاندان کو اندر ہی رکھنا چاہتے تھے۔ "میری والدہ کو بھی کچھ ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایک بچے کی پیدائش کے دوران میری خالہ کی وفات ہو گئی تو میری والدہ کی اپنے بہنوئی سے شادی کی بات چلی تھی۔ شادیوں میں ایسے بہت سے معاملات ہوتے ہیں اور ایسا اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ لڑکی خاندان ہی میں رہے۔ تب میری والدہ، جو اس وقت غیر شادی شدہ اور نوجوان تھیں، نے انکار کیا اور ان کے والدین نے ان کی بات مانی۔”
شادی کی تقریب کے بعد سوربھی کی آخری رسومات ادا کی گئیں کہ جس میں دونوں خاندانوں نے شرکت کی۔
جواب دیں