پاکستان کی نجی جامعات کا فلسطینی طلبہ کے لیے 165 اسکالر شپس کا اعلان

پاکستان کی نجی جامعات نے فلسطینی طلبہ کے لیے 165 اسکالر شپس کا اعلان کر دیا ہے۔

کامس ٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس نے ایسوسی ایشن آف پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (APSUP) کی مدد سے فلسطینی طلبہ اور ماہرین کے لیے کے لیے خصوصی فیلو شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو فلسطینی طلبہ کے لیے کامس ٹیک کنسورشیم فیلو شپس پر یونیورسٹی میں ایک ویبنار منعقد ہوا، جس میں 13 قومی اور بین الاقوامی جامعات اور اداروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کامس ٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔ فلسطینیوں کو اعلیٰ تعلیم کے محدود مواقع  حاصل ہیں، اس لیے ان کی مدد کے لیے کامس ٹیک نے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جو ریسرچ فیلوشپس، ٹیکنیشن ٹریننگ اور ورکشاپ میں شرکت کی گرانٹس دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامس ٹیک فلسطینی طلبہ کے لیے یہ فیلوشپس کامس ٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کے رکن اداروں کی مدد اور ایسوسی ایشن آف پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کے اشتراک سے پیش کی ہیں۔ 13 جامعات کے وائس چانسلرز اور نمائندگان نے اس ویبنار میں شرکت کی اور اسکالرشپس، ٹریننگ اور اکیڈمک سپورٹ کے ذریعے فلسطین کے طلبہ کو مکمل مدد دینے کی پیشکش کی ۔

کامس ٹیک کے میڈیا ایڈوائزر مرتضیٰ نور نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبلِ قریب میں مزید اسکالر شپس کا اعلان بھی ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے