ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے ‘علامہ اقبال اسکالرشپس پروگرام’ کے تحت سری لنکا کے طلبہ پاکستان کی بہترین جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں HECنے پاک-سری لنکا ہائیر ایجوکیشن کو آپریشن پروگرام کے تحت سری لنکا کے طلبہ کے لیے 250 اسکالر شپس جاری کر دی ہیں۔ اس موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 جون 2021ء ہے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق اگلے پانچ سالوں کے دوران علامہ اقبال اسکالر شپس کے تحت 1,000 سری لنکا کے طلبہ کو پاکستان میں انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پوسٹ ڈاکٹرل ڈگری پروگرامز میں تعلیم کے بہترین مواقع دیے جائیں گے۔
ان اسکالر شپس کا مقصد دونوں ممالک کے طلبہ کے درمیان ثقافتی و تہذیبی رابطوں کا فروغ ہے۔ منتخب امیدوار نہ صرف پاکستان کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے بلکہ پاکستانی معاشرے کی اقدار بھی سیکھیں گے، قائدانہ صلاحیتیں بھی حاصل کریں گے اور اپنے ساتھی پاکستانی طلبہ کو اپنے ملک اور ثقافت سے بھی آگاہ کریں گے۔
علامہ اقبال اسکالر شپس HEC کے انٹرنیشنلائزیشن منصوبے کا حصہ ہیں تاکہ پاکستان میں غیر ملکی طلبہ کے پڑھنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ یہ اسکالر شپس پاکستانی جامعات میں تعلیم کے لیے تمام ٹیوشن فیس، رہائش کے الاؤنس، تعلیم کے الاؤنس اور ایک مرتبہ کا ریٹرن ٹکٹ ادا کریں گی۔
ان اسکالر شپس میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جو انجینئرنگ سائنسز، بنیادی و نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز، آرٹس اینڈ ہیومینٹیس میں BS، MS اور PhD سطح پر تعمیرات، فائن آرٹس، بزنس ایجوکیشن، کمپیوٹر سائنسز، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زرعی علوم، میڈیا اینڈ کمیونی کیشنز اسٹڈیز، لسانیات وغیرہ کا احاطہ کرتی ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق 100 اسکالر شپس صرف MBBS کی تعلیم کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ تمام طلبہ کو HEC کے ای-پورٹل کے ذریعے درخواست دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ مزید معلومات، پروگرام تفصیلات بھی HEC کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ تمام رجسٹرڈ امیدواروں کو کولمبو میں پاکستان ہائی کمیشن اور حکومت سری لنکا کے تعاون سے منعقدہ اسکالر شپ ٹیسٹ میں لازمی شرکت کرنا ہوگی، جس کے بعد شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو کولمبو میں پاکستان ہائی کمیشن میں انٹرویو دینا ہوگا۔
جواب دیں