ملالہ یوسف زئی کا فلسطینی بچوں کے لیے امداد کا اعلان

ملالہ یوسف زئی نے فلسطین کے بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لیے ایک غیر معمولی رقم دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ ملالہ نے برطانیہ کے تین خیراتی اداروں کے لیے 1,50,000 ڈالرز عطیہ کیے ہیں، جو فلسطین میں متاثرہ خاندانوں کی مدد پر صرف کیے جائیں گے۔ اس میں سے 1,00,000 ڈالرز سیو دی چلڈرن، 25,000 ڈالرز کنڈر یو ایس اے اور 25,000 ڈالرز ڈی سی آئی فلسطین کو دیے گے ہیں تاکہ غزہ میں تباہ حال خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔

سیو دی چلڈرن نے ایک ٹوئٹ میں ملالہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دیا گیا عطیہ مظلوم بچوں کی زندگیاں بچانے اور زندگیاں بدلنے میں مدد دے گا۔

ملالہ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے خود بھی ایک دل کو چھو دینے والا نوٹ لکھا ہے کہ "دنیا بھر کے کئی لوگوں کی طرح میں بھی فلسطینیوں پر روا رکھے گئے مظالم اور سنگ دلی سے بہت پریشان ہوئی ہوں۔ وہ امن و امان کے ساتھ رہنے، اپنے گھروں میں تحفظ کے احساس، تعلیم کے حصول اور اپنے خوابوں کی تعبیریں پانے کا حق رکھتے ہیں، بالکل دنیا کے تمام بچوں کی طرح۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے امید ہے کہ یہ تحفہ انہیں ایک مرتبہ پھر اسکول جانے اور اپنی زندگیوں کو دوبارہ سے تعمیر کرنے کا موقع دے گا۔ میں چاہتی ہوں کہ فلسطین کے بچے جانیں کہ میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں اور مجھے اُن کے مستقبل پر یقین ہے۔ میں خطے میں دیرپا امن کے لیے دعا گو ہوں اور رہنماؤں سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ہر بچے کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں۔”

اس قدم پر ملالہ کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے