ملتان کے قریب واقع شہر شجاع آباد میں چار نقاب پوش افراد نے ایک گھر میں گھس کر شوہر کے سامنے اس کی نئی نویلی دلہن کے ساتھ گینگ ریپ کیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا، جس کی اطلاع خاندان نے اب پولیس کو دی ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ دولہا محمد لطیف کی بارات بدھ کی شام 4 بجے لودھراں میں واقع دلہن کے گھر سے واپس نکلی تھی اور وہ شام 6 بجے شجاع آباد کے نواحی علاقے موچی پورہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پہنچے۔
یہاں رات 3 بجے چار افراد لوگ نے دروازہ بجایا، جن میں سے تین نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ انہوں نے بہانہ بنایا کہ انہیں گھر میں شراب کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے اور وہ تلاشی لیں گے۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد ان میں سے تین افراد نے نو بیاہتا جوڑے کے دروازے پر دستک دی اور اس کے کمرے میں داخل ہو گئے۔
اس دوران ایک ڈاکو نے گھر والوں کو دو گھنٹے تک گن پوائنٹ پر رکھا اور پہلے دیگر تینوں نے مبینہ طور پر دلہن کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔ بعد ازاں چوتھا شخص بھی اس گھناؤنے عمل میں شامل ہوا۔ خاندان کا کہنا ہے کہ اس دوران مزاحمت کرنے پر دولہا کو بھی سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران مسلح افراد نے پانچ تولے سونا اور 1,25,000 روپے نقدی بھی لوٹ لی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جوڑے کو ہسپتال منتقل کیا اور میڈیکل رپورٹ کروائی، جس میں ریپ کی تصدیق ہوئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا ہے اور تمام افراد کے بیانات قلم بند کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں ریپ اور ڈکیتی کی شقیں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے لگتا ہے کہ خاتون کا ریپ کسی دشمنی یا دوسری وجہ سے نہیں ہوا بلکہ ملزمان ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے اور اس دوران ریپ جیسے گھناؤنے عمل کے مرتکب ہوئے۔
جواب دیں