آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خاتون پائلٹ مریم مجتبیٰ کو مشکل شعبوں میں آگے بڑھنے کی جستجو کرنے والی لڑکیوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔
مظفر آباد سے تعلق رکھنے والی مریم مجتبیٰ آزاد کشمیر کی پہلی خاتون کمرشل پائلٹ ہیں، جنہوں نے صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے شوہر مجتبیٰ راٹھور بھی موجود تھے جو آزاد جموں و کشمیر پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں۔
مریم کے خاندان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں سے مظفر آباد ہجرت کی تھی۔ مریم نے راول پنڈی میں قیام کے دوران ہوا بازی کی ابتدائی تربیت حاصل کی اور پھر نیو جرسی میں قائم فلائٹ اکیڈمی ‘سنچری ایئر’ سے اپنا کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔
حال ہی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے انہیں ایئر بس اے-320 طیارے پر فرسٹ آفیسر کی حیثیت سے ترقی دی ہے۔ اس سے پہلے مریم نے اے ٹی آر طیاروں پر مقامی پروازوں پر مطلوبہ تجربہ حاصل کیا۔
آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلستان میں ٹیلی کام نیٹ ورک چلانے والے ادارے اسپیشل کمیونی کیشنز آرگنائزیشن (SCO) نے مریم مجتبیٰ کو اپنا برانڈ سفیر بھی مقرر کیا ہے۔
ملاقات میں صدر مسعود خان نے کہا کہ مریم کی کامیابی اس شعبے میں کیریئر کی خواہش مند خواتین کے حوصلے بڑھائے گی۔ "آپ نے آزاد کشمیر میں ہوا بازی کو اپنا مستقبل بنانے کی کوشش کرنے والی کئی خواتین کو متاثر کیا ہے اور ان کے حوصلوں کو بڑھایا ہے۔” صدر نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے درپیش بحران کے باوجود ہوا بازی کی صنعت مستقبل میں آگے کی سمت بڑھے گی اور خواتین سمیت لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔
اس موقع پر مریم مجتبیٰ نے صدر کو بتایا کہ بچپن ہی سے پرواز کرنا ان کا خواب تھا اور پی آئی اے نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔
جواب دیں