ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بورڈ چیئر پرسن منتخب

معروف ماہرِ معیشت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی بورڈ چیئر پرسن منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب  نو منتخب بورڈ کے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 73 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئر پرسن منتخب کیا گیا ہو۔

ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی معروف ماہرِ معیشت ہیں جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر رہنے کے علاوہ نگران وزیر خزانہ بھی رہ چکی ہیں۔ وہ اسٹیٹ بینک کی گورنر بننے والی بھی پہلی خاتون تھیں۔ اس کے علاوہ وہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی سینئر مشیر اور عالمی بینک کی نائب صدر بھی رہ چکی ہیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کی مالیاتی مارکیٹوں کے حوالے سے تجربہ کار ہیں اور ماضی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر کے اعلیٰ ترین عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔

اس عہدے کے لیے منتخب ہونے پر ڈاکٹر شمشاد نے کہا کہ میرے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی نمائندگی کرنا باعثِ فخر ہے اور میرا ہدف دیگر اداروں اور بورڈ اور انتظامیہ کی کوششوں کے ذریعے اس ادارے کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے بعد 29 اپریل کو بورڈ کے تین آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کا اعلان کیا تھا، جن میں ڈاکٹر شمشاد اختر، جاوید قریشی اور محمد صلاح الدین منظور شامل تھے۔ 11 اراکین پر مشتمل اس بورڈ میں 7 شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز ہیں جبکہ تین آزاد ڈائریکٹرز اور CEO بھی شامل ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور CEO فرخ ایچ خان نے بورڈ کی پہلی خاتون چیئر پرسن کی حیثیت سے ڈاکٹر شمشاد اختر کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے