‏’شوٹر دادی’ چندرو تومر چل بسیں

‏’شوٹر دادی’ کے نام سے مشہور چندرو تومر کرونا وائرس کے خلاف جنگ ہار گئیں اور 89 سال کی عمر میں میرٹھ کے ایک ہسپتال میں چل بسیں۔ انہیں چند دنوں سے سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا جس کے بعد ان میں کووِڈ-19 کی تشخیص ہوئی تھی۔

اتر پردیش کے گاؤں باغپت سے تعلق رکھنے والی چندرو نے جب پہلی بار کوئی بندوق اٹھائی تو ان کی عمر 60 سال سے زیادہ تھی لیکن وہ ایسی نشانہ باز بنیں کہ کئی قومی مقابلے بھی جیت گئی۔ اُن کی زندگی پر بالی ووڈ میں ایک فلم بھی بنی۔ 2019ء کی فلم ‘سانڈ کی آنکھ’ میں بھومی پدنیکر نے چندرو اور تپسی پنو نے ان کی دیورانی پرکاشی تومر کا کردار ادا کیا تھا، جو ان کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیتی تھیں۔

ان کی وفات پر سوشل میڈیا پر عوام انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے انہیں "صنفی مساوات کی علامت اور خواتین کے حقوق کی چیمپئن” قرار دیا۔

اداکارہ تپسی پنو اور بھومی پدنیکر نے بھی چندرو کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، کیونکہ انہوں نے فلم میں ‘شوٹر دادی’ اور ان کی جیٹھانی پرکاشی کا کردار ادا کیا تھا۔ تپسی نے کہا کہ "آپ ان لڑکیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی جن کو آپ نے جینے کی ایک امید دی”

بھارت میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھتا چلا جا رہا ہے اور گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے ملک میں روزانہ کم از کم تین لاکھ مریض سامنے آ رہے ہیں جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد بھی روزانہ 3 سے 4 ہزار کے درمیان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے