بھارت کے ایک پریگنینسی کِٹ برانڈ ‘پریگا نیوز’ کا اشتہار اِس وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے، جس کے ذریعے دیے گئے پیغام کو لاکھوں لوگوں نے سراہا ہے۔
یہ اشتہار خواتین کے عالمی دن سے پہلے جاری کیا گیا ہے، جو ہر سال 8 مارچ کو منایا جاتا ہے۔ ‘پریگا نیوز’ کے اس اشتہار میں بانجھ پن کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے کہ یہ کس طرح خواتین کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
انسٹاگرام پر اس اشتہار کو جاری کرتے ہوئے ادارے کا کہنا تھا کہ "جب معاملہ بانجھ پن کا آتا ہے تو ملک بھر میں ایسے جوڑے خاموشی ہی اختیار کیے رہتے ہیں۔ اس ‘یومِ خواتین’ پر پریگا نیوز مطالبہ کرتا ہے کہ خاموشی کو توڑیں اور بانجھ پن کے حوالے سے بات کریں۔ عورت کو محض بچے پیدا کرنے والی کی حیثیت سے نہ دیکھیں کیونکہ وہ اپنی ذات میں ایک مکمل انسان ہے۔”
اس اشتہار کے ساتھ #SheIsCompleteInHerself کا ہیش ٹیگ بھی لگایا گیا ہے۔
اشتہار میں اداکارہ مونا سنگھ نے ایک گھر کی بڑی بہو کا کردار ادا کیا ہے، جس کے ہاں اولاد نہیں ہے۔ لیکن وہ اپنی چھوٹی دیورانی کے لیے خوش نظر آتی ہے کہ جس کے ہاں اولاد کی آمد متوقع ہے۔ ناظرین کو اس دکھ کی جھلک بڑی بہو کے چہرے پر صاف نظر آتی ہے، جو اولاد نہ ہونے کی وجہ سے اسے محسوس ہوتا ہے۔
اشتہار آخر میں بہت جذباتی ہو جاتا ہے جب گھر والے آنے والے بچے کے نام پر بات کر رہے ہوتے ہیں اور ہو سکتا ہے اشتہار کے اختتام پر آپ کی آنکھوں میں بھی میری طرح آنسو آ جائیں۔
اتوار کو نشر ہونے والے اس اشتہار کو اب تک یوٹیوب پر 17 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور انسٹاگرام جیسے دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ہزاروں مرتبہ دیکھا گیا ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس اشتہار کے ذریعے دیے گئے پیغام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ معاشرہ عورت کو محض بچہ پیدا کرنے والی کی حیثیت سے نہ دیکھے۔
جواب دیں