پاکستان اور یونیسیف نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ 10 سے 19 سال کی عمر کے افراد کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ‘نوعمر افراد کی مساوات کا اشاریہ’ (Adolescence Equality Index) ترتیب دیا جا سکے۔
وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے نوجوانان اور یونیسیف کی نمائندہ برائے پاکستان آئیدا گرما نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ یہ اشاریہ حقیقی صورت حال کا جائزہ لینے اور ساتھ ہی بچوں اور نوعمر افراد کی بہبود کے لیے مستقبل کی پالیسیاں مرتب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام اور یونیسیف کے درمیان تعاون پاکستانی نوجوانوں کی ترقی اور بہبود کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیسیف کے ساتھ تعاون وزیر اعظم کے کامیاب جوان جونیئر پروگرام کی تشکیل کی جانب رہنمائی کر سکتا ہے۔
آئیدا گرما نے دو طرفہ تعاون کا خیر مقدم کیا اور مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لیے یونیسیف کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عہد کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یونیسیف اس اشاریے کی تشکیل میں متعلقہ حکام کی تربیت کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔ یونیسیف پاکستان میں موجودہ سماجی شعبے کی پالیسیوں کا جائزہ لینے میں مدد دے گا، خاص طور پر وہ جو خواتین اور بچوں کے حوالے سے ہیں۔ انڈیکس پاکستان کو پائیدار ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد دے گا۔
جواب دیں