پاکستان ہیومن رائٹس انفارمیشن ریسورس پورٹل لانچ کر دیا گیا

وزارتِ انسانی حقوق نے پاکستان کا پہلا ہیومن رائٹس انفارمیشن ریسورس پورٹل لانچ کر دیا ہے، جو یورپی یونین کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔

اس پورٹل کا مقصد طلبہ، ماہرین اور شہریوں کو انسانی حقوق کی فوری اور تازہ ترین معلومات فراہم کرنا ہے۔ یہ انسانی حقوق کے قوانین، ضوابط اور ان میں موجود خامیوں کے حوالے سے بھی شعور دے گا اور پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے نئے منصوبے، تحقیق، پالیسیاں اور حل تیار کرنے میں مدد دے گا۔

اس پورٹل میں پاکستان کے انسانی حقوق کے ادارہ جاتی ڈھانچے پر جامع مواد اور اس کے بین الاقوامی وعدے بھی شامل ہوں گے۔ ساتھ ہی متعلقہ رپورٹس اور اشاعتیں بھی جو حکومت، سول سوسائٹی، ادارے اور اقوام متحدہ کے ادارے انسانی حقوق کے حوالے سے جاری کرتے ہیں۔

یہ پورٹل صارفین کو آئین کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی قانون سازی سے ملنے والے حقوق کے بارے میں بھی بتائے گا۔ قوانین کو صوبوں کے علاوہ موضوعاتی اعتبار سے بھی ترتیب دیا گیا ہے، جن میں دیوانی، سیاسی اور معاشی حقوق، بچوں کے حقوق، خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں۔

یہاں مختلف اداروں کے حوالے سے معلومات بھی موجود ہو جو انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر بنائے گئے ہیں۔ ان میں قانون ساز ادارے، انسانی حقوق کی کمیٹیاں، صوبائی محکمہ انسانی حقوق اور قانونی ادارے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق پر کام کرنے والے اداروں اور عملے کے لیے تربیت کے ذرائع اور جامع مواد بھی پورٹل پر موجود ہوگا۔ یہ تربیتی ذرائع مختلف موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں جیسا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریاں اور دستاویزات۔ ساتھ ہی عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی تربیتی وسائل موجود ہوں گے۔

پورٹل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ہیومن رائٹس ریسورس پورٹل ایک اہم اور جدید منصوبہ ہے، جو پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ضروری معلومات کی دستیابی اور رسائی کو بہتر بنائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے