جنوبی افریقہ کے صدر سائرل رامافوسا کی جانب سے ملک میں خواتین اور بچیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ‘بلیک ڈے ODI’ کا اعلان کر دیا ہے۔
23 جنوری کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیمیں کنگزمیڈ، ڈربن میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی، جس میں جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم سیاہ لباس میں کھیلے گی۔
یہ جنوبی افریقہ کا پہلا ‘بلیک ڈے ODI’ ہوگا، جس کے ذریعے ملک میں صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے گا۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے یہ قدم اس ناانصافی کی جانب توجہ دلانے کے لیے اٹھایا ہے، جس سے معاشرے کا ہر طبقہ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
عبوری چیف ایگزیکٹو کرکٹ ساؤتھ افریقہ فولتسی موسیکی کا کہنا ہے کہ ‘بلیک ڈے ODI’ صنفی بنیادوں پر متحد ہونے کا تاثر دے گا۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کی ہر قسم کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کریں اور اس امر کی حوصلہ افزائی کریں کہ ایسی کسی بھی حرکت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کو تحریک دے گا، عوام کو متحرک کرے گا اور ان میں شعور اجاگر کرے گا اور اس حوالے سے ہلچل پیدا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ سینے کے سرطان (بریسٹ کینسر) کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے کئی سالوں سے ‘پنک ون ڈے’ کھیلتا رہتا ہے اور پاکستان سمیت کئی ممالک ان میچز میں حصہ لے چکے ہیں۔ آسٹریلیا میں بھی سینے کے سرطان کےخلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ‘پنک ٹیسٹ’ کھیلا جاتا ہے۔
جواب دیں