بہاولنگر پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ریپ اور بلیک میلنگ کرنے والے ایک گینگ کو دھر لیا ہے، جن سے بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہونے والی وڈیو کلپس اور اینٹھی گئی رقوم بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ڈی پی او بہاولنگر قدوس بیگ نے بتایا ہے کہ پکڑے گئے تین ملزمان لڑکیوں سے دوستی کر کے ان کا ریپ کیا کرتے تھے اور اس کی خفیہ وڈیوز بنا کر انہیں بعد میں بلیک میل کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کھچی والا کی ایک خاتون کا ریپ کیا اور انہیں بلیک میل کر کے 7 لاکھ روپے بھی اینٹھے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اس گینگ کی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور ایک چھاپے میں یہ تینوں گرفتار ہو گئے۔ ان سے متعدد وڈیوز اور بھاری رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انہوں نے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے شیخوپورہ میں ایک خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کرنے والے تین مجرموں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ یہ وہی واقعہ ہے جو 28 دسمبر کو شیخو پورہ کے قریب ایک خاندان کو پیش آیا تھا، جو خانقاہ ڈوگراں سے فاروق آباد آ رہا تھا کہ موٹر وے پر ایک انڈر پاس سے گزرتے ہی تین مسلح ملزمان نے انہیں روک لیا۔ پہلے انہیں نقدی اور موبائل فونز سے محروم کیا گیا اور بعد ازاں خاتون کے ساتھ ریپ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ نئی نویلی دلہن تھی کہ جو شادی کے محض چند دنوں بعد اپنے میکے سے گھر جا رہی تھی۔
شیخوپورہ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، اور تحقیقات کی غرض سے 300 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ڈی پی او شیخو پورہ کے مطابق یہ ملزمان سمندری سے گرفتار کیے گئے ہیں اور ان سے چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ میں تصدیق ہو گئی ہے کہ انہوں نے ہی اس خاتون کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ ڈی پی او کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ یہ مجرم صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔
جواب دیں