تمام تر کارروائیوں، گرفتاریوں، قانون کو سخت کرنے اور بھرپور کوریج کے باوجود ملک میں گینگ ریپ کے واقعات میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی۔ تازہ ترین واقعہ ضلع بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں پیش آیا ہے جہاں پولیس کے مطابق چھ نامعلوم افراد ایک گھر میں گھسے اور مکینوں کو گن پوائنٹ پر یرغمال کر کے ایک لڑکی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ابھی چند روز پہلے ہی شیخوپورہ میں ایک نئی نویلی دلہن کے ساتھ بھی اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جسے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران ڈاکوؤں نے نشانہ بنایا۔
اکتوبر میں بھی قریبی ضلع رحیم یار خان کے شہر ظاہر پیر میں سات افراد نے ایک 14 سالہ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کو اغواء کیا گیا تھا اور ریپ کے بعد اسے سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آباد پور تھانے کی حدود میں شیخ واہن کے علاقے میں پیش آیا تھا کہ جہاں مجرموں نے لڑکی کو نشہ آور چیز پلانے کے بعد اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا اور بعد میں پھینک کر چلے گئے۔
گزشتہ سال لاہور موٹر وے گینگ ریپ جیسا بڑا واقعہ بھی پیش آیا تھا کہ جس میں ڈاکوؤں نے ایک ماں کو بچوں کے سامنے ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
جواب دیں