پاکستان میں پیدا ہونے والی مالیکیولر بایولوجسٹ آصفہ اختر جرمنی کا مشہور Leibniz پرائز 2021ء جیت گئی ہیں۔ یہ جرمنی کا معروف ریسرچ فنڈنگ ایوارڈ ہے کہ جس کے ساتھ 25 لاکھ یورو کی انعام رقم شامل ہوتی ہے۔
آصفہ اختر جرمنی کی میکس پلانک سوسائٹی کے لیے کام کرتی ہیں اور وہ ادارے کے بایولوجی اور میڈیسن سیکشن کی پہلی بین الاقوامی خاتون نائب صدر ہیں۔
ڈاکٹر آصفہ کو epigenetic gene regulation کے میکانزم پر اپنے انقلابی سیل-بایولوجی کارنامے کی بدولت یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔
کراچی میں پیدا ہونے والی ماہرِ حیاتیات ان 10 سائنس دانوں میں شامل ہیں جنہیں یہ شاندار انعام ملے گا۔
کراچی میں واقع جرمن قونصل خانے نے اس کامیابی پر ڈاکٹر آصفہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے سائنس میں زبردست کارنامے انجام دے کر پاکستان اور جرمنی دونوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
میکس پلانک سوسائٹی نے بھی ڈاکٹر آصفہ اور اس ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے والے اسی ادارے کے دوسرے سائنس دان وولفر شپرنگل کو سراہا ہے۔
میکس پلانک سوسائٹی جرمنی کا سب سے کامیاب ریسرچ ادارہ ہے اور 1948ء میں اپنے قیام سے اب تک اس ادارے سے وابستہ تقریباً 20 سائنس دان نوبیل انعام جیت چکے ہیں، جن میں 2020ء میں فزکس اور کیمسٹری کے نوبیل انعام بھی شامل ہیں۔ یہی وجہ سے اسے دنیا کے معروف اور اہم ترین تحقیقی اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
Pingback: رواں سال نوبیل انعام جیتنے والوں میں صرف ایک خاتون شامل - دی بلائنڈ سائڈ